پاکستان سعودی عرب کے تعلقات اور معاشی شراکت داری مضبوط تر ہو رہی ہے

آئندہ چند دنوں میں سعودی عرب کی کاروباری شخصیات کا وفد پاکستان آرہا ہے، قیادت کی سطح پر مفاہمت کو عملی شکل دینے کیلئے پوری محنت کریں گے۔ وزیراعظم شہبازشریف کا پیغام

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 30 اپریل 2024 21:49

پاکستان سعودی عرب کے تعلقات اور معاشی شراکت داری مضبوط تر ہو رہی ہے
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 اپریل 2024ء) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے تعلقات اور معاشی شراکت داری مضبوط تر ہو رہی ہے۔ انہوں نے سعودی عرب کے دورہ کے اختتام پر اپنے پیغام میں کہا کہ آئندہ چند دنوں میں سعودی عرب کی کاروباری شخصیات کا وفد پاکستان آرہا ہے۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستان کے حوالے سے خصوصی ہدایات  کے لئے بےحد شکر گزار ہیں۔

قیادت کی سطح پر ہونے والی مفاہمت کو عملی شکل دینے کے لئے پوری محنت  کریں گے، سعودی عرب اورپاکستان کے تعلقات اور معاشی شراکت داری مضبوط سے مضبوط تر ہو رہی ہے۔ عالمی رہنماؤں سے باہمی تعاون، تجارت وسرمایہ کاری کے فروغ  کے حوالے سے مثبت گفتگو ہوئی۔ دنیا پر واشگاف انداز میں واضح کیا کہ عالمی امن کے لیے غزہ میں مستقل امن قائم کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

یاد رہے شہباز شریف عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس میں شرکت کے بعد وطن واپس روانہ ہوئے۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ریاض کے رائل ایئر پورٹ ٹرمینل پر سعودی عرب کے اعلیٰ حکام، پاکستان میں تعینات سعودی سفیر، سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر اور دیگر سفارتی عملے نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو رخصت کیا۔عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر وزیراعظم نے سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود ، امیر کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح ، ملائشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم، سعودی وزرا سے ملاقاتیں کیں۔

وزیراعظم کا یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاشی تعلقات کے حوالے سے بھی انتہائی اہمیت کا حامل تھا۔مزید برآں وزیراعظم محمد شہبازشریف نے آئی ایم ایف کی آخری مالیاتی قسط کیجاری ہونے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 1.1ارب ڈالر کی آخری قسط ملنے سے پاکستان میں مزید معاشی استحکام آئے گا ۔ منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہبازشریف نے آئی ایم ایف کی آخری مالیاتی قسط کے جاری ہونے پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کی 1.1 ارب ڈالر کی آخری قسط ملنے سے پاکستان میں مزید معاشی استحکام آئے گا ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں