اپوزیشن اتحاد کا آئین کی بحالی،حقیقی آزاد ی کیلئے ملک گیر تحریک چلانے کا فیصلہ

تحریک تحفظ آئین پاکستان کا محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا،فیصل آباد اور کراچی کے جلسوں کیلئے انتظامیہ کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 11 مئی 2024 15:09

اپوزیشن اتحاد کا آئین کی بحالی،حقیقی آزاد ی کیلئے ملک گیر تحریک چلانے کا فیصلہ
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11 مئی 2024 ) اپوزیشن اتحاد نے ملک میں آئین کی بحالی اورحقیقی آزاد ی کیلئے ملک گیر تحریک چلانے کا فیصلہ کرلیا،تحریک تحفظ آئین پاکستان کا محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہواجس میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان اور پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اسد قیصر، سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا ،بی این پی مینگل کے رہنما ساجد ترین اور ثناءاللہ بلوچ ،متحدہ وحدت مسلمین کے اسد شیرازی ،ترجمان تحریک تحفظ آئین پاکستان اخونزادہ حسین یوسفزئی سمیت دیگر رہنماءشریک ہوئے۔

اپوزیشن اتحاد کے اجلاس میں حکومت مخالف جماعتوں کی جانب سے ملکی سیاسی صورتحال سے متعلق اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔شرکا کی جانب سے حکومت مخالف تحریک کو آگے بڑھانے اور حقیقی آزادی کے حصول کیلئے آئندہ کے لائحہ عمل پر غورکیا گیا جبکہ فیصل آباد اور کراچی کے جلسوں کیلئے انتظامیہ کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اپوزیشن اتحاد کے رہنماوں کا مزید کہنا تھا کہ کسانوں کے مطالبات کے حق میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

حکومت کی کسانوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کی مذمت کرتے ہیں۔حکومت مخالف جماعتوں کے رہنماوں کا کہنا تھا کہ عوامی اجتماعات کرنا ہمارا آئینی قانونی اور جمہوری حق ہے اس حق سے ہمیں نہیں روکا جاسکتا ۔ جلسے ہر صورت کئے جائیں گے، اس وقت ملک میں جمہوریت ختم ہو چکی اور آئین کے ساتھ کھلواڑ ہو رہا ہے۔ ہماری تحریک آئین کی بحالی تک جاری رہے گی۔لاہور ہائیکورٹ بار کے وکلا پر بیہمانہ تشدد ، گرفتاریوں اور پنجاب میں کسانوں کے ساتھ ہونے والے سلوک کی بھی شدید مذمت کی گئی۔اپوزیشن رہنماوں نے گوادر میں پیش آنے والے دہشتگردی کے واقعہ میں 7 بے گناہ اور نہتے افراد کے قتل کی مذمت اور ان کے اہل خانہ سے افسوس کا اظہارکیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں