ایرانی صدر کا انتقال، وزیراعظم کا ایک روزہ قومی سوگ کا اعلان

پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف سے اس ہولناک نقصان پر ایرانی قوم کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔ شہباز شریف کا بیان

Sajid Ali ساجد علی پیر 20 مئی 2024 10:50

ایرانی صدر کا انتقال، وزیراعظم کا ایک روزہ قومی سوگ کا اعلان
تہران ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 مئی 2024ء ) ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے پر وزیراعظم شہباز شریف نے ایک روزہ قومی سوگ کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم نے کہا کہ صدر رئیسی کے ہیلی کاپٹر کی کریش لینڈنگ کی اطلاع کے حوالے سے ہونے والی پیشرفت کو بے چینی سے دیکھ رہے تھے، اچھی خبر کی امید تھی لیکن افسوس ایسا نہیں ہوا، میں پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف سے اس ہولناک نقصان پر ایرانی قوم کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں، دعا اللہ شہیدوں کو جنت الفردوس میں سکون عطا فرمائے، عظیم ایرانی قوم روایتی ہمت کے ساتھ اس سانحے پر قابو پالے گی۔

بتایا جارہا ہے کہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہوگئے ہیں،ایرانی میڈیا نے ہیلی کاپٹر حادثے میں صدر ابراہیم رئیسی کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے، صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کا ملبہ آج صبح مل جانے کی تصدیق ہوئی جس کے بعد ایرانی صدر اور ہیلی کاپٹر میں سوار افراد کے بچ جانے کی امیدیں دم توڑ گئیں تھیں۔

(جاری ہے)

ایرانی خبر رساں ادارے تہران ٹائمز نے بتایا ہے کہ ہیلی کاپٹرکو حادثہ تبریز سے 100 کلومیٹر دور پیش آیا جس میں گورنر تبریز بھی جاں بحق ہوئے ، ہیلی کاپٹر پوری طرح جل چکا ہے، جس کی وجہ سے کچھ لاشیں جل کر ناقابل شناخت ہوگئی ہیں، ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کا ملبہ پہاڑی سے ملا ، حادثے کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹر میں ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور وزیرخارجہ حسین امیرعبداللہیان سوار تھے، ایرانی صدر آذر بائیجان میں ڈیم کے افتتاح کے بعد واپس آ رہے تھے کہ ان کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوا، حادثے کی وجہ بارش اور شدید دھند کو قرار دیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں