ملک بھر میں 100 نئے ای روزگار مراکز اور 10 نئے سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس قائم کرنے کافیصلہ

وزیراعظم کی اسلام آباد آئی ٹی پارک کی تعمیر کا کام جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت، شہباز شریف کی زیر صدارت انفارمیشن ٹیکنالوجی پارکس کے حوالے سے اہم اجلاس

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 22 مئی 2024 17:04

ملک بھر میں 100 نئے ای روزگار مراکز اور 10 نئے سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس قائم کرنے کافیصلہ
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 مئی 2024 ) حکومت کا ملک بھر میں 100 نئے ای روزگار مراکز اور 10 نئے سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس قائم کرنے کافیصلہ،وزیراعظم کی اسلام آباد آئی ٹی پارک کی تعمیر کا کام جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت۔وزیراعظم شہباز شریف کے زیر صدارت انفارمیشن ٹیکنالوجی پارکس کے حوالے سے اہم اجلاس وزیراعظم ہاوس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان، وزیراعظم کے کوآرڈی نیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں بتایاگیا کہ 2025ءمیں ملک بھر میں 100 نئے ای روزگار مراکز اور 10 نئے سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس قائم کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اجلاس کو وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام کی جانب سے آئی ٹی پارکس کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ جنوبی کوریا کے تعاون سے اسلام آباد آئی ٹی پارک کا منصوبہ اگلے سال مکمل کر لیا جائے گا۔ اسلام آباد آئی ٹی پارک میں اسٹارٹ اپس، انکیوبیشن سینٹرز، بینکس، ریستوران اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

ملک کے 29 شہروں میں 43 سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس قائم کئے گئے ہیں۔کراچی میں جنوبی کوریا کے تعاون سے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک کا منصوبہ 2027 تک مکمل ہوگا۔اجلاس کے شرکاءسے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی بڑھتی ہوئی آئی ٹی کے فروغ ، آئی ٹی برآمدات بڑھانے اور اسٹارٹ اپس کو سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے آئی ٹی پارکس کا قیام خوش آئند ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ اسلام آباد آئی ٹی پارک کی تعمیر کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے وزیراعظم نے سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس کی کارکردگی کے حوالے سے تھرڈ پارٹی ایویلیوایشن کرانے کی ہدایت بھی کی۔دریں اثناءوزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان میں جیمزاور قیمتی پتھروں کے شعبے کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا ، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں بے پناہ قدرتی وسائل ہیں، ان وسائل سے صحیح طور پر فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔

اجلاس میں پاکستان میں جیمز اور قیمتی پتھروں کے شعبے کی ترقی پر غور کیا گیا ، اجلاس میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ خیبر پختونخوا ، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں بے پناہ قدرتی وسائل ہیں، ان وسائل سے صحیح طور پر فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں