پاکستانی جیلوں میں قید بچوں اور عورتوں کی حالت فوری طور پر بہتر بنائی جانی چاہئے،وفاقی محتسب طاہر شہباز

منگل 3 اپریل 2018 18:23

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2018ء) وفاقی محتسب سیّد طاہر شہباز نے کہا ہے کہ پاکستانی جیلوں میں قید بچوں اور عورتوں کی حالت انتہائی ناگفتہ بہ ہے جو فوری طور پر بہتر بنائی جانی چاہئے، وفاقی محتسب کے مقرر کردہ نیشنل چلڈرن کمشنر نے یونیسف کے تعاون سے سینٹرل جیل کوئٹہ، ہری پور جیل، فیصل آباد بورسٹل جیل اور سینٹرل جیل کرا چی کی حالت بہتر بنانے کیلئے ایک پراجیکٹ شروع کیا ہے جس کے تحت ان جیلوں میں قیدیوں کو تمام ضروری بنیادی سہو لیات فراہم کی جائیں گی۔

وفاقی محتسب گزشتہ روز نیشنل چلڈرن کمشنر کے زیر اہتمام ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں وفاقی محتسب سیّد طاہر شہباز، بلوچستان اسمبلی کی سپیکر راحیلہ درانی، وفاقی محتسب کے سیکرٹری محمد اصغر چو ہدری، نیشنل چلڈرن کمشنر اعجا ز احمد قر یشی ، وفاقی محتسب کی ایڈوائزر ڈاکٹر رانیہ احسن ، شاہین عتیق الرحمن، ضیاء اعوان ایڈووکیٹ، یونیورسٹیوں کے سربراہان، سرکا ری اداروں کے اعلیٰ افسران، مخیر حضرات اور سول سوسائٹی کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

نیشنل چلڈرن کمشنر یونیسف کے تعاون سے چار مرحلوں پر مشتمل پراجیکٹ شروع کر رہا ہے جس کے تحت قیدی بچوں اور خواتین کو سہولیات کی فراہمی کیلئے سینٹرل جیل کوئٹہ، ہری پور جیل، فیصل آباد بورسٹل جیل اور سینٹرل جیل کراچی کی حالت بہتر بنانے کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ ان جیلوں میں قیدیوں کو بنیادی ضروریات کے ساتھ ساتھ تعلیم، صحت، نفسیاتی علاج اور قانونی مدد سمیت ضروری سہولیات فرا ہم کی جائے گی۔

اس سلسلہ میں جیلوں کی تزئین و آرائش، عملے کی تربیت اور جیل مینوئل کو بہتر بنانے جیسے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی محتسب سیّد طاہر شہباز نے کہا کہ ملک کی اکثر جیلوں کی حالت بہتر بنانے کیلئے دور رس اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیدی عورتوں اور بچوں کی حالت بہتر بنانے کیلئے ہمیں خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

وفاقی محتسب نے امید ظاہر کی کہ یونیسیف اور سول سوسائٹی کے تعاون سے شروع کئے جانے والے اس پراجیکٹ اور اجلا س کی تجاویز سے بچوں اور خواتین کی حالت بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ وفاقی محتسب نے سپریم کورٹ کی ہدایت پر جیلوں کی حالت بہتر بنانے کا بیڑہ اٹھایا اور ایک جامع رپورٹ تیار کی جسے سپریم کورٹ اور صدر پا کستان نے بھی سرا ہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہی ہدایات کے تسلسل میںنیشنل چلڈرن کمشنر نے یونیسیف کے تعاون سے ایک نیا پراجیکٹ شروع کر رہا ہے جس کے تحت ملک کی چار جیلوں کو منتخب کرکے قیدیوں کی قابل رحم حالت کو بہتر بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ اجلا س کے شرکاء نے جیلوں کی حا لت بہتر بنانے کیلئے مختلف تجاویز پیش کیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں