بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے زیر اہتمام حفظِ قرآن و تجوید اور دیگر تربیتی کورسز کی تقریب تقسیم اسناد

پیر 16 اپریل 2018 17:58

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء)بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے مرکز دارالمنیرہ برائے تحفیظ القرآن کے زیر اہتمام حفظِ قرآن و تجوید اور دیگر تربیتی کورسز کی تقریب تقسیم اسناد اور انعامات جامعہ کے خواتین کیمپس میں منعقد ہوئی۔ پیر کو منعقدہ اس تقریب کے مہمان خصوصی جامعہ کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے رکن اور مرکز المنیرہ کے بانی شیخ حمود الدیب تھے جبکہ اس موقع پر صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش سمیت ڈائریکٹر خواتین کیمپس ڈاکٹر فرخندہ ضیاء مرکز المنیرہ کی سربراہ ساجدہ جمیل ،ڈین کلیہ اصول الدین ڈاکٹر ہارون الرشید اوردیگر اعلیٰ عہدیداران بھی موجود تھے۔

اپنے خطاب میں ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے کہا کہ قرآن کی تعلیمات میں عصر حاضر کے مسائل کا حل پنہاں ہے۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ مرکز المنیرہ برائے طالبات جیسے مراکز مسلم معاشروں کی اشد ضرورت ہیں جو خواتین کی تربیت کے ساتھ ساتھ قرآنی تعلیمات کے احیاء کا کام بھی بخوبی کریں کیونکہ معاشرے میں مثبت تبدیلی کا یہی سب سے بڑا ذریعہ ہیں۔

صدر جامعہ نے شیخ حمود الدیب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ یہ مرکز جسے شیخ حمود کی والدہ کے نام سے منسوب کیا گیا ہے وہ اس کے حلقات و افطار اور دیگر انتظامات میں بھی مدد کرتے ہیں جس پر جامعہ ان کی مشکور ہے۔ قرآن کریم کی تعلیمات کی نشرواشاعت میں کردار پر صدر جامعہ نے کلیہ اصول الدین کی خدمات کو بھی سراہا اور اس عزم کو دہرایا کہ اسلامی یونیورسٹی دینی و دنیاوی تعلیمات کے امتزاج سے نوجوانان امت کی تربیت کرتی رہے گی۔

تقریب سے کلیہ اصول الدین کے ڈین ڈاکٹر ہارون الرشید نے اپنے خطاب میں مرکز کے کردار اور مقاصد پر روشنی ڈالی۔ مرکز کی انچارج ساجدہ جمیل نے اپنے خطاب میں بتایا کہ تحفیظ و تجوید اور تربیتی کورسز میں کل 700 سے زائد طالبات زیر تعلیم ہیں۔ پروگرام کے اختتام پر شیخ الدیب نے تحفیظ و تجوید میں پوزیشنیں حاصل کرنے والی طالبات میں انعامات تقسیم کئے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں