اسلام آبادکے مختلف سیکٹرز میں واقع پارکس میں جھولے اور بینچز سمیت دیگر تفریحی آلات ٹوٹ پھوٹ کا شکار،گھاس نہ کاٹے جانے کی وجہ سے صورتحال ابتر

منگل 11 دسمبر 2018 18:41

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2018ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آبادکے مختلف سیکٹرز میں واقع پارکوں میں جھولے اور بینچز سمیت دیگر تفریحی آلات ٹوٹ پھوٹ کے شکار ہیں،گھاس نہ کاٹے جانے کی وجہ سے پارکوں کی صورتحال ابتر ہو گئی ہے، بیشتر پارکوں میں اشیائے خوردونوش مہنگے داموں فروخت ہو رہی ہیں۔ دوسری جانب ڈپٹی میئر اسلام آباد سید ذیشان نقوی نے کہا ہے کہ فنڈز کی عدم دستیابی کی وجہ سے پارکوں میں مرمت کا کام کم ہو رہا ہے جبکہ گھاس اور جھاڑیوں کو میٹروپولیٹن کارپوریشن کا عملہ باقاعدہ بنیادوں پر کاٹ رہے ہیں۔

ڈائریکٹر انوائرنمنٹ محمد عرفان نیازی نے کہا کہ بیشتر پارکوں کی صورتحال بہتر ہے تاہم فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے بینچز اور جھولوں سمیت دیگر تفریحی سہولیات کی فراہمی میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

(جاری ہے)

لیک ویو پارک میں سیر کے لئے آئے ہوئے سیاح علی عمران اور محمد عامر نے اے پی پی کو بتایاکہ لیک ویو پارک میں شہریوں سے 2 مرتبہ فیس لی جاتی ہے، پہلے مین گیٹ میں داخل ہوتے وقت جبکہ دوسری مرتبہ بچوں کے پارک میں جاتے وقت سی ڈی اے کا عملہ فیس وصول کرتا ہے۔

انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ اس صورتحال کا نوٹس لیں۔ جی ایٹ کے رہائشیوں مصطفیٰ احمد، حق نواز، منصب دار نے اے پی پی کو بتایاکہ جی ایٹ میں سی ڈی اے کا پارک گھاس اور جھاڑیاں نہ کاٹے جانے کی وجہ سے جنگل کا نظارا پیش کرنے لگا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارک میں گھاس اور جھاڑیاں نہ کاٹنے کی وجہ سے لوگ تفریح کے لئے نہیں جاسکتے جس کی وجہ سے جی ایٹ کے رہائشیوں کو دشواری کاسامنا ہے۔

روز اینڈ جیسمین پارک میں آنے والے سیاحوں نے بتایاکہ پارک میں جھولے عرصہ دراز سے ٹوٹ پھوٹ کے شکار ہیں اور یہاں پر تمام اشیائے خوردونوش کی چیزیں عام دکانوں کے مقابلہ میں دو گنا مہنگی فروخت ہو رہی ہیں۔ اسی طرح ایف نائن جناح پارک اور دیگر پارکوں میں سیر کے لئے آنے والے شہریوں نے کہا کہ ان پارکوں کی صورتحال کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

پارک میں سیر وتفریح کی سہولیات کا فقدان ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد اور دیگر شہروں سے آنے والے سیاحوں کے لئے پارکوں میں تمام سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ چھٹی والے دن ان پارکوں میں تفریح کے لئے جا سکیں۔ جب اس حوالے سے ڈپٹی میئر اسلام آباد سید ذیشان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اے پی پی کو بتایاکہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کاعملہ اسلام آباد میں تمام پارکوں میں گھاس اور جھاڑیاں تسلسل کے ساتھ کاٹ رہے ہیں۔

اگر ہمیں اس حوالے سے کوئی شکایت موصول ہوتی ہے تو ہم فوری طورپر اس کاازالہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پارکوں میں جھولوں، بینچوں سمیت دیگر تفریحی سامان بہتر کرنے کی ضرورت ہے جس کے لئے انہیں فنڈز کی ضرورت ہے ۔ سی ڈی اے سے ہمیں بہت کم فنڈ مل رہا ہے جو پارکوں کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے نا کافی ہے۔ دوسری جانب سی ڈی اے اور ایم سی آئی کے ڈائریکٹر عرفان نیازی نے اے پی پی کو بتایاکہ فیصل ایونیو سے لے کر ایسٹ کے تمام پارکوں میں گھاس اور جھاڑیاں باقاعدگی سے کاٹی جا رہی ہیں اور اس ایریا میں عوام کو کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ پارکوں میں بینچز اور جھولے سمیت دیگر تفریحی سامان کے لئے فنڈز کی ضرورت ہے ،فنڈز ملنے کی صورت میں پارک مزید خوبصورت ہو سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں