انسداد پولیو مہم میں 5 سال تک کے 3کروڑ 80 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جارہے ہیں، بابر بن عطاء

14ء سے پولیو کیسز میں 97 فیصد کمی آئی ہے، پولیو مہم میں والدین پیدائش سے پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو ویکسین کے دو قطرے ضرور پلائیں،فوکل پرسن برائے انسداد پولیو

منگل 11 دسمبر 2018 20:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2018ء) فوکل پرسن برائے انسداد پولیو بابر بن عطاء نے کہا ہے کہ ملک بھر میں جاری انسداد پولیو مہم میں 5 سال تک کے 3کروڑ 80 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جارہے ہیں،2014ء سے پولیو کیسز میں 97 فیصد کمی آئی ہے، پولیو مہم میں والدین پیدائش سے پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو ویکسین کے دو قطرے ضرور پلائیں۔

منگل کو اپنے ایک بیان میں فوکل پرسن برائے انسداد پولیو بابر بن عطاء نے کہا کہ ملک بھر میں 4 روزہ انسداد پولیو مہم دوسرے روز کامیابی سے جاری رہی۔ رواں سال کی آخری انسداد پولیو مہم کے دوران 5 سال سے کم 3 کروڑ 80 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ پولیو مہم کے دوران 2 لاکھ 70 ہزار صحت محافظ حصہ لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ پولیو ٹیمیں گھر گھر جا کر پیدائش سے لے کر 5 سال تک کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی۔

انہوں نے بتایاکہ رواں سال ملک بھر سے پولیو کے 8 کیسز رجسٹڑڈ ہوئے ۔ 2014ء سے پولیو کیسز میں 97 فیصد کمی آئی ہے۔ اس بڑی کامیابی کے باوجود نومبر میں ملک کے سات بڑے شہروں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ ان شہروں میں سکھر، کراچی، پشاور، مردان، لاہور، راولپنڈی اور اسلام آباد شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیرسے شروع ہونے والی پولیو مہم میں والدین پیدائش سے پانچ سال کے بچوں کو پولیو کے دو قطرے ضرور پلائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی صحت محافظ کا کردار ادا کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائے کہ اس کے گھر اور گرد و نواح میں کوئی بھی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں