اسلام آباد ایئرپورٹ پر نئی تعمیر شدہ عمارت دھنسنا شروع ہوگئی ،ْ

انتظامیہ کا اسٹاف اور کارکنان کو متبادل جگہ منتقل کر نے کا فیصلہ خطرناک صورتحال میں اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر لوگ کس طرح کام کرسکتے ہیں ،ْاسٹاف کو یہاں سے منتقل کرنا ہی بہتر ہے ،ْ عہدیدار

ہفتہ 15 دسمبر 2018 17:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2018ء)اسلام آباد انٹرنیشنل پر کسٹم کارگو (ایئرفریٹ یونٹ) کی عمارت کو دھنسنے اور دراڑیں پڑنے کے بعد انتظامیہ نے تمام اسٹاف اور کارکنان کو متبادل جگہ منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ابتدائی طور پر ایک سینیئر افسر اور دیگر کے دفتر میں نالی سے لیکیج کے ساتھ ہی دیوار پر چھوٹی دراڑیں پڑنا شروع ہوئی تھی تاہم دن بدن ان دراڑوں میں اضافہ ہوگیا اور اب عمارت کا ایک حصہ دھنسنا شروع ہوگیا۔

واقعہ کے بعد محکمہ کسٹم کے سینئر افسران معاملے کو ایئرپورٹ منیجر اور اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرلائن کے پروجیکٹ ڈائریکٹر کے نوٹس میں لائے اور کہ عمارت یہاں کام کرنے والوں کیلئے مزید محفوظ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل کلیکٹر کسٹمز نثار احمد نے بتایا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے ای) نے ایئرفریٹ یونٹ کے دفتر کو دوسری جگہ منقل کرنا شروع کردیا ہے۔

انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ عمارت میں موجود دراڑیں بڑھ گئی تھیں اور عمارت ایک طرف سے دھنسے لگی تھی اور یہ کام کے لیے مزید محفوظ نہیں تھی۔عہدیدار کے مطابق ایئرفریٹ یونٹ آفس کو نئے ایئرپورٹ کو باضابطہ طور پر کھولنے سے 2 روز قبل یکم مئی کو نئی تعمیر شدہ عمارت میں منتقل کیا گیا تھا تاہم3 ماہ بعد دیوار میں دراڑیں پڑنا شروع ہوگئی تھیں۔انہوں نے کہا کہ سی اے اے کو لکھے گئے خط کے بعد انتظامیہ نے دراڑیں بھرنے کے لیے دیواریں پلاستر کروائی لیکن خطرے کی گھنٹی اس وقت بجنا شروع ہوئی جب کچھ دن میں عمارت دھنسنا شروع ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ اتنی خطرناک صورتحال میں اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر لوگ کس طرح کام کرسکتے ہیں، لہٰذا اسٹاف کو یہاں سے منتقل کرنا ہی بہتر ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں