وفاقی تعلیمی بورڈ نے ہائر سکینڈری سکول سرٹیفیکیٹ کے سپلیمنٹری امتحانات 2018ء کے نتائج کا اعلان کر دیا

منگل 18 دسمبر 2018 21:16

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) وفاقی تعلیمی بورڈ نے ہائر سکینڈری سکول سرٹیفیکیٹ کے سپلیمنٹری امتحانات 2018ء کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ منگل کو جاری نتائج کے مطابق کامیابی کا تناسب 56.46 فیصد رہا۔ اکتوبر نومبر میں ہونے والے امتحانات میں 13 ہزار 518 امیدواروں نے حصہ لیا جس میں سے 7 ہزار 632 امیدوار کامیاب ہوئے۔

تعلیمی بورڈ کے مطابق امیدواروں کو نتائج ان کے گھروں کے پتوں پر ارسال کر دیئے گئے ہیں جبکہ جن امیدواروں نے اپنے موبائل نمبر داخلہ فارمز پر درج کئے تھے ان کو ایس ایم ایس کے ذریعہ بھی مطلع کر دیا گیا ہے۔ نتائج وفاقی تعلیمی بورڈ کی ویب سائٹ www.fbise.edu.pk پر بھی دیکھے جا سکتے ہیں جبکہ امیدوار 5050 پر ایس ایم ایس کر کے بھی اپنا نتیجہ معلوم کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

امتحانات میں ناکام ہونے والے امیدوار ہائر سکینڈری سکول سرٹیفیکٹ کے سالانہ امتحانات 2019ء میں حصہ لینے کے اہل ہوں گے۔ نتائج کے مطابق امتحانات کے دوران 6 امیدواروں پر دوران امتحان ناجائز ذرائع استعمال کرنے کے مقدمات بنائے گئے جس پر انصاف اور قانون کے تقاضے مکمل کرنے کے بعد تمام کیسز کو نمٹا دیا گیا ہے۔ ہائر سکینڈری سکول سرٹیفیکیٹ کے سالانہ امتحانات 2019ء، 16 اپریل 2019ء سے شروع ہوں گے جس کیلئے داخلہ بھجوانے کی آخری تاریخ 3 جنوری 2019ء مقرر کی گئی ہے جبکہ ریگولر امیدوار پارٹ ون 10 جنوری اور پارٹ ٹو کے 15 جنوری تک بھجوا سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں