پی ٹی وی ملازمین کا احتجاجی مظاہرہ،مطالبات کے حق میں نعرے بازی

پارلیمنٹ سے پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرزتک یکطرفہ ٹریفک کی آمد و رفت تین گھنٹے تک معطل رہی

بدھ 19 دسمبر 2018 20:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 دسمبر2018ء) پاکستان ٹیلی وژن کے ملازمین کا احتجاجی مظاہرہ، اپنے مطالبات کے حق میں فلک شگاف نعرے لگاتے ہوئے سینکڑوں مظاہرین پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز کی مرکزی شاہراہ پر نکل آئے۔ پارلیمنٹ سے پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرزتک یکطرفہ ٹریفک کی آمد و رفت تین گھنٹے تک معطل رہی۔مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر مطالبات درج تھے۔

پی ٹی وی یونین(سی بی ای)کے مرکزی سیکرٹری جنرل پرویز بھٹی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہاؤس ریکوزیشن میں پچاس فیصد اضافے کا اعلان حکومت نے کیا ہے اور پی ٹی وی پالیسی کے مطابق یہ ملازمین کا استحقاق ہے۔کسی بھی شخص کو یہ اختیار حاصل نہیں کہ وہ طے شدہ مراعات میں رکاوٹیں پیدا کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جو عارضی ملازمین طویل مدت سے ادارے میں فرائض سرانجام دے رہے ہیں ان کو فوری طور پر ریگولر کیا جائے۔

2008 کے بعد ریگولر ہونے والے ملازمین کے لیے پنشن کا اعلان، ریٹائرڈ ملازمین کو ان کے بقایا جات کی ادائیگی اور چارٹر آف ڈیمانڈ کی منظوری ہمارے ترجیحی مطالبات ہیں جن کی منظوری میں بے جا رکاوٹیں پیدا کرکے ملازمین کو اضطراب کا شکار بنایا جا رہا ہے۔بعد ازاں پی ٹی وی کے ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر کرنل (ر)حسن عماد محمدی اور یونین کے رہنماؤں کے درمیان گفت و شنید بھی ہوئی جس میں ڈی ایم ڈی نے یقین دلایا کہ وہ منیجنگ ڈائریکٹر ارشد خان سے ملاقات کر کے ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے چوبیس گھنٹوں کے اندر کوئی مثبت لائحہ عمل طے کریں گے۔

سی بی اے کے سیکرٹری جنرل نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگر کل بارہ بجے تک ہمارے مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو پھر اسی شاہراہ پر ہم سب نے بھرپور انداز میں دھرنا دینا ہے۔یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ کہ اس احتجاج میں پی ٹی وی کی دونوں یونینز کے کارکنان نے بلاتخصیص شرکت کی اور ورکرز اتحاد زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے۔ طارق ورک

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں