پاکستان اور سعودی عرب کا ریفائنری و معدنیات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق

بدھ 24 اپریل 2019 17:38

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2019ء) پاکستان اور سعودی عرب نے ریفائنری و معدنیات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے ریاض میں ایڈیشنل سیکرٹری پٹرولیم ڈویژن ڈاکٹر تنویر قریشی کی زیر قیادت پاکستانی وفد کی سعودی حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں ہوا۔ وفد میں پاکستان کے توانائی اور معدنیات کے شعبوں کے ماہرین اور دیگر اعلیٰ افسران شامل ہیں۔

(جاری ہے)

وفد کے ارکان نے ریفائنری اور معدنیات کے شعبے میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لینے اور دوطرفہ روابط کو فروغ دینے کے لئے متعلقہ حکام کے ساتھ ملاقاتیں کی ہیں۔ یہ دورہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے پاکستان کے حالیہ دورہ کے دوران ہونے والی مفاہمت کی یادداشتوں اور معاہدوں پر عملدرآمد کے سلسلے میں کیا جا رہا ہے۔ ان کے دورے کے دوران ریفائنری، پیٹرو کیمیکلز، معدنیات، توانائی سمیت مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے تھے۔ اس دورے سے پاکستانی وفد کو سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں بڑے منصوبوں کے دورے کے ذریعے سعودی عرب کے تجربات سے استفادہ کا بھی موقع ملے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں