اسلام آباد سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے انسداد تجاوزات مہم بھر پور طریقے سے جاری

بدھ 22 مئی 2019 19:35

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2019ء) اسلام آباد سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے انسداد تجاوزات مہم بھر پور طریقے سے جاری ہے۔ اس مہم سے مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کیلئے تمام متعلقہ شعبے باہمی تعاون سے اسلام آباد کی مختلف شاہراؤں کے رائٹ آف وے پر کی گئی تجاوزات کے علاوہ گرین بیلٹس پر کی گئی تجاوزات، سرکاری اراضی پر قبضے،بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں اور غیر قانونی تعمیرات کو ٹارگٹ کئے ہوئے ہیں۔

اس ضمن میں سی ڈی اے، اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے باہم مل کر مری روڈ بھارہ کہو ایریا میں مختلف تعمیرات کو مسمار کر دیا جو کہ تجاوزات کے زمرے میں آتی ہیں۔ ان تجاوزات کے باعث نہ صرف ٹریفک کو رواں رکھنے میں مشکلات درپیش تھیں بلکہ پیدل چلنے والوں کے لیے بھی پریشانی کا باعث تھیں جبکہ ملک بھر سے مری آنے والے سیاحوں کو بھی ان تجاوزات کی وجہ سے تکلیف کا سامنا تھا اورمری روڈ پر ٹریفک کے رش اور جام ہونے کی اہم وجہ بھی یہ تجاوزات تھیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح کا آپریشن شہر کے مختلف ایونیوز کے رائٹ آف وے اور مختلف عمارات اور اداروں کی طرف سے پلاٹ لائن سے باہر کی جانے والی تجاوزات کے خاتمے کے لیے بھی کیا جا رہا ہے جس میں تجاوزات کے زمرے میں آنے والے بیریئرز (Barriers)گارڈز روم، انٹری گیٹ، لوہے کی حفاظتی جالیاں، الیکٹرک جنریٹرز وغیرہ جو کہ مختلف دفاتر کی طرف سے غیر قانونی طور پر بنائے گئے تھے کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے مسمار کر دیا۔

ماڑی گیس کے دفتر واقعG-10 ماؤ ایریاء سے G-9 ماؤ ایریائتک کے درمیان اداروں اور عمارات میں کی جانے والی ایسی تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا ہے۔ ان دفاتر کی طرف سے گرین بیلٹس میں بنائی جانے والی کار پارکنگ کو بھی ختم کر دیا گیا۔ اس آپریشن کے دوران ٹیلی ہاؤس، نادرا کے دفتر، ایم پی سی ایل بلڈنگ، قدیر خان بلڈنگ،نیشنل پولیس فاؤنڈیشن بلڈنگ، این ایچ اے بلڈنگ اور پاکستان میڈیکل ڈینٹل سینٹر کے اطراف کی جانے والی تجاوزات کو ختم کیا گیا ہے۔

ایک اور آپریشن سے جناح ایونیو کے ساتھ ایواکیو ٹرسٹ بلڈنگ(Evacuee Trust Building)،UBLٹاور، اوقاف بلڈنگ اور OGDCL کی عمارات کے اطراف کی تجاوزات کو ختم کیا گیا ہے۔ تجاوزات کے خاتمے کے خلاف آپریشن کے ساتھ ساتھ سی ڈی اے موئثر مانیٹرنگ کو بھی یقینی بنا رہا ہے بالخصوص جہاں سے تجاوزات ختم کی جا چکی ہیں وہاں دوبارہ تجاوزات نہ ہو سکیں۔ اس ضمن میں ملپور کے علاقے میں غیر قانونی طور پر تعمیر کی جانے والی دیوار اور کمرے کو گرا دیا گیا جسے قبل ازیں آپریشن کر کے گرایا جا چکا تھا تاہم انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی موئثر نگرانی کے باعث نوٹس میں آنے کے بعد اسے فوری طور پر گرا دیا گیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں