سپریم کورٹ نے جوڈیشیل کونسل میں جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کیخلاف زیرسماعت ریفرنس سے متعلق درخواستوں کی سماعت کرنے والا فل کورٹ بینچ دوسری بار تحلیل ہونے پر معاملہ چیف جسٹس کو بھجوا دیا

پیر 21 اکتوبر 2019 19:16

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2019ء) سپریم کورٹ نے جوڈیشیل کونسل میں جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کیخلاف زیرسماعت صدارتی ریفرنس سے متعلق درخواستوں کی سماعت کرنے والا دس رکنی فل کورٹ بینچ دوسری بار تحلیل ہونے پر معاملہ چیف جسٹس کو بھجوا دیا ہے۔پیرکوجسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں فل کورٹ بینچ نے درخواستوں کی سماعت کا آغاز کرنا تھا تاہم بنچ کے رکن جسٹس مظہرعالم میاں خیل کی ذاتی وجوہات کی بنا پر عدم موجودگی کے با عث سماعت نہ ہوسکی ، اس موقع پربینچ کے سربراہ جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ فل کورٹ کے ایک رکن جج کی عدم حاضری کے باعث کیس کی سماعت نہیں ہوگی ، اس لئے ہم یہ معاملہ نئے بنچ کی تشکیل کیلئے چیف جسٹس کو بھجوائیں گے، اس موقع پردرخواست گزار جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے وکیل منیر اے ملک نے پیش ہوکر موقف اپنایا کہ اگر دوبارہ فل کورٹ بنانا ہے تو تمام ججز کو اس بینچ میں شامل کیا جائے۔

(جاری ہے)

جسٹس عمر عطا بندیال نے ان سے کہا کہ یہ چیف جسٹس کی صوابدید ہے کہ کس کو بینچ میں شامل کریں گے، امید ہے کہ ان درخواستوں پر رواں ہفتے ہی سماعت شروع کر دی جائیگی، منیر ملک صاحب ہم مقدمہ چلانا چاہتے ہیں کیونکہ اس بنچ کے رکن جسٹس مظہر عالم میاں خیل طویل عرصے کیلئے دستیاب نہیں ہونگے، اس لئے ہم نے خودیہ فیصلہ کیاہے کہ بنچ دوبارہ تشکیل دیا جائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں