سینیٹر میر کبیر احمد محمد شاہی کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی ہائوسنگ اینڈ ورکس کا اجلاس

فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی بل2019 ترمیم کیساتھ منظور کر لیا گیا

منگل 22 اکتوبر 2019 23:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2019ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ہائوسنگ اینڈ ورکس کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر میر کبیر احمد محمد شاہی کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائو س میں منعقد ہوا ۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور سینیٹر محمد اعظم خان سواتی کی طرف سے 3 ستمبر2019 کو سینیٹ اجلاس میں متعارف کرائے گئے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی بل2019 کا تفصیلی سے جائزہ لیا گیا ۔

کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹرز نصیب اللہ بازئی ، لیفٹیننٹ جنرل (ر) صلاح الدین ترمذی ، سردار محمد یعقوب خان ناصر، مولانا عبدالغفور حیدری ، ڈاکٹر اسد اشرف اور مرزا محمد آفریدی، خانزادہ خان ، بہرہ مند خان تنگی اور انور لال دین کے علاوہ سیکرٹری ہائوسنگ اینڈور کس ڈاکٹرعمران زیب خان ، سی ای او فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی وسیم باجوہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

قائمہ کمیٹی نے 2 ستمبر ،4 اکتوبر اور 16 اکتوبر ہو منعقد ہونے والے کمیٹی اجلاس کے منٹس کی منظور ی بھی دی ۔ سیکرٹری ہائوسنگ اینڈ ورکس نے قائمہ کمیٹی کو فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی بل2019 کے حوالے سے آگاہ کیاکہ یہ بل دو دفعہ پہلے بھی کمیٹی اجلاس میں پیش ہو چکا ہے اور اس کا تفصیلی جائز ہ لیا گیا ہے جس پر چیئرمین کمیٹی سینیٹر میر کبیر احمد محمد شاہی نے کہا کہ اراکین کمیٹی نے اس بل کا جائزہ لیا ہے اور اس پر کچھ تحفظات کا اظہار بھی کیا جس میں سے بڑا مسئلہ یہ تھا کہ لوگوں کی زمینوں کو زبردستی ڈی سی ریٹ پر حاصل نہ کیا جائے اور زمین کی ویلیو مارکیٹ کے ریٹ کے مطابق مقرر کی جائے ۔

ڈائریکٹر جنرل ممبر اتھارٹی کی بجائے سیکرٹری ہونا چاہیے اور ٹیکس سے استثنیٰ حاصل ہونا چاہیے ۔ جس پر سیکرٹری ہائوسنگ اینڈ ورکس نے کہا کہ کمیٹی کی ہدایت کے مطابق بل میں ترمیم کی جائے گی ۔اراکین کمیٹی سینیٹر نصیب اللہ بازئی ، لیفٹیننٹ جنرل (ر) صلاح الدین ترمذی ، سردار محمد یعقوب خان ناصر، مولانا عبدالغفور حیدری ، ڈاکٹر اسد اشرف اور مرزا محمد آفریدی نے بل کو کمیٹی کی تجویز کردہ ترمیم کے ساتھ منظور کرنے کا ووٹ دیا جبکہ سینیٹر بہرہ مند خان تنگی اور انور لال دین نے بل کی مخالفت میں ووٹ دیا ۔ قائمہ کمیٹی نے اراکین کی اکثریت رائے کے مطابق بل کو ترمیم کے ساتھ منظور کر لیا ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں