سپریم کورٹ، پنجاب میں 56 کمپنیوں میں تقرریوں سے متعلق کیس میں نیب سے تفصیلی رپورٹ طلب

بدھ 23 اکتوبر 2019 22:28

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2019ء) سپریم کورٹ نے پنجاب میں 56 کمپنیوں میں تقرریوں سے متعلق کیس میں نیب سے تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اس معاملے میں متعلقہ افسران کے جمع کردہ جوابات کی روشنی میں عدالت کومفصل رپورٹ پیش کی جائے ،بدھ کوجسٹس عمرعطابندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی ، سماعت شروع ہوئی توجسٹس اعجازالاحسن نے کیس کے حوالے سے استفسارکیاکہ کیا56 کمپنیوں میں تقرریوں کے بارے میںنیب کی جانب سے کوئی تازہ ترین رپورٹ عدالت میں جمع کی گئی ہے یانہیں۔

(جاری ہے)

پنجاب کے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل فیصل چوہدری نے پیش ہوکرعدالت کوبتایا کہ اس کیس کے آغاز میں نیب کی جانب سے رپورٹ دی گئی تھی جس کے بعد وہاں سے کوئی رپورٹ نہیں آئی ہے، جس پربنچ کے سربراہ نے کہاکہ اگرنیب نے نئی رپورٹ جمع نہیں کرائی ہے توپھر نیب اس معاملے میں افسران کے جمع کئے گئے جوابات کو سامنے رکھ کر رپورٹ عدالت کوپیش کرے، کیونکہ افسران کی جانب سے بہت تفصیلی جواب جمع کروایا گیا ہے جس میں سار ی تفصیلات موجود ہیں،سماعت کے دوران متعلقہ افسران کے وکیل خواجہ احمد طارق رحیم نے پیش ہوکرعدالت کوبتایا کہ کمپنیوں میں تقرریوں کیلئے اشتہارات دئیے گئے تھے جس کے بعد انٹرویوزکرکے تقرری کا پراسس مکمل کرلیا گیا تھا ،جسٹس عمرعطابندیال نے فاضل وکیل سے کہا کہ خواجہ صاحب آپ کے جواب کے ساتھ بہت سے دستاویز ات بھی لگائی گئی ہیں اس لئے عدالت اس امرکا جائزہ لے گی کہکہیںکمپنیوں میں تقرریوں کے سلسلے میںپسند وناپسندکا معیار تو نہیں اپنایا گیاتھا ،یاان کمپنیوں میں تقرریوں کے دوران کسی قسم کی نرمی تو نہیں برتی گئی تھی ،عدالت افسران کی تقرریوں کے بارے میں صوبائی حکومت سے بھی جواب طلب کر رہی ہے، اس لئے متعلقہ افسران کاجمع کردہ جواب پنجاب حکومت کو بھی فراہم کیا جائے عدالت نے مزید ہدایت کی کہ نیب اور پنجاب حکومت بھی ان تقرریوں کے بارے میں عدالت کو اپنی اپنی رپورٹ پیش کریں بعدازاں مذید سماعت چارہفتوں کیلئے ملتوی کردی گئی

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں