پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار میڈیا اور دانشور ایک سزا یافتہ شخص کو ملک سے باہر بھیجنے کی بات کر رہے ہیں، صداقت عباسی

جمعہ 15 نومبر 2019 13:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی صداقت عباسی نے کہا ہے کہ کبھی بھی ملک لوٹنے والوں کے ساتھ سمجھوتہ نہیں کریں گے‘ پاکستان کی تاریخ کا پہلا واقعہ ہے کہ ایک سزا یافتہ شخص کے ملک سے باہر جانے کے لئے میڈیا اور دانشور بات کر رہے ہیں‘ حکومت نے سابق وزیراعظم کو علاج کے لئے سہولت دی ہے‘ ان کو گارنٹی بانڈ جمع کرانا ہوگا۔

جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی صحت کا مسئلہ ہے وہ علاج کے لئے ضرور ملک سے باہر جائیں۔ حکومت نے ان کو سہولت دے دی ہے ۔ اب اس سے استفادہ حاصل کرنا ان کا حق ہے‘ حکومت نواز شریف سے جرمانہ نہیں لے رہی بلکہ گارنٹی بانڈز مانگ رہی ہے۔

(جاری ہے)

ان کے دو بیٹے حسن نواز اور حسین نواز پہلے ہی ملک سے باہر اور مفرور ہیں۔

نواز شریف کو حکومت اگر باہر بھیج دیتی ہے اور اگر عدالت طلب کرتی ہے وہ نہ آئیں تو اس کی ذمہ داری کس پر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی صحت پر شہباز شریف سیاست نہ کریں۔ ان کی جان بچائیں۔ کبھی ملک لوٹنے والوں کے ساتھ سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ ان کو کیسے چھوڑ سکتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان چند لوگوں کو اسلام آباد میں لاکر حکومت سے استعفی لینے آئے تھے ان کو کامیابی نہیں ملی انہیں ملک کی شاہراہوں کو بند کرنے سے بھی کامیابی نہیں ملے گی۔

احتجاج کرنا ان کا حق ہے۔ اگر انہوں نے قانون کو ہاتھ میں لیا تو معاف نہیں کیا جائے گا۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج ملک میں جو مہنگائی ہے اس کے ذمہ دار ماضی کی حکومتیں ہیں جنہوں نے تیس ہزار ارب روپے کے قرضے لئے جن کا آج سود ادا کیا جارہا ہے۔ آنے والا وقت عوام کی خوشحالی کا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں