اسلام آباد ہائی کورٹ ، جعلی اکاؤنٹس کیس کے ملزم خورشید انور جمالی کی درخواست ضمانت پر سماعت 7 اپریل تک ملتوی

منگل 31 مارچ 2020 22:14

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2020ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے جعلی اکاؤنٹس کیس کے ملزم خورشید انور جمالی کی جانب سے دائر درخواست ضمانت پر سماعت 7 اپریل تک ملتوی کر دی ہے۔ منگل کو عدالت عالیہ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی بنچ نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کے ملزم خورشید انور جمالی کی جانب سے دائر درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

دوران سماعت درخواست گزار کی جانب سے خواجہ حارث ایڈووکیٹ عدالت پیش کے روبرو پیش ہوئے۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ انکے موکل کی جانب سے دائر درخواست ضمانت میں ایک گراؤنڈ کورونا وائرس کا خطرہ بھی ہے۔ سپریم کورٹ نے اسی گراؤنڈز پر کیس( آج) بدھ کو سماعت کیلئے مقرر کر رکھا ہے، بہتر ہے کہ عدالت عظمیٰ میں کیس کی سماعت ہونے تک انتظار کرلیا جائے، کیس کے میرٹ پر بھی آئندہ سماعت پر دلائل دیدیں گے۔

(جاری ہے)

دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ کورونا وائرس کے باعث ملک میں ٹرانسپورٹ اور فلائٹس بند ہیں اس لئے نیب تفتیشی افسر کراچی سے اسلام آباد نہیں پہنچ سکے، آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر پیش ہو جائیں گے، یہ بہت ٹیکنیکل کیس ہے، نیب تفتیشی افسر عدالت کی معاونت کریں گے۔ دوران سماعت جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے ٹیکنیکل کیس عام طور پر کمزور ہوتا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ ٹیکنیکل کیس کی یہ صورتحال ہے کہ 13 ماہ بعد بھی ریفرنس دائر نہیں کیا جا سکا۔ عدالت نے درخواست پر سماعت 7 اپریل تک ملتوی کر دی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں