شہباز شریف اپنے بھائی کا استقبال نہیں کریں گے، دونوں بڑے پیمانے پر بدعنوانی میں ملوث ہیں انہیں لوٹی ہوئی قومی دولت واپس کرنا ہوگی ، اپوزیشن جماعتیں اینٹی منی لانڈرنگ قانون کو ختم کرنا چاہتی تھیں ، فیٹف قانون کی منظوری بڑی کامیابی ہے، مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

جمعرات 24 ستمبر 2020 09:12

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2020ء) وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے دعویٰ کیا ہے کہ شہباز شریف نواز شریف کی وطن واپسی پر ان کا استقبال نہیں کریں گے، دونوں بھائی اپنے دور حکومت کے دوران بڑے پیمانے پر بدعنوانی میں ملوث رہے اور ان کے خلاف بدعنوانی کے کئی کیسز ہیں، وزیراعظم عمران خان چاہتے ہیں کہ نواز شریف لوٹی ہوئی قومی دولت واپس کریں تاکہ اسے عوام کی فلاح و بہبود اور ملک کی ترقی کے منصوبوں پر خرچ کیا جائے۔

بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں اینٹی منی لانڈرنگ قانون کو ختم کرنا چاہتی تھیں کیونکہ یہ منی لانڈرنگ کرنے والوں کے خلاف ہے ، حکومت وسیع تر قومی مفاد میں اس قانون پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے پر عزم ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ پارلیمنٹ سے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) قانون پاس کرانا حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے نیب قانون میں ترامیم کے حوالے سے جو تجاویز دی تھیں اس کا مقصد صرف اپنے قائدین کو احتساب سے بچانا تھا۔ مشیر برائے پارلیمانی امور نے کہا کہ اپوزیشن اپنے مذموم مقاصد اور سیاسی فوائد کے حصول کیلئے حکومت کے خلاف الزام تراشی کر رہی ہے تاہم اس سے انہیں کچھ حاصل نہیں ہو گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں