بجٹ 2021-22 ؛ پارلیمنٹ ہاؤس کے لئے 100 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ

گزشتہ سال کے مقابلے میں قومی اسمبلی کو 32 کروڑ اور سینیٹ کو 72 کروڑ روپے اضافی ملیں گے، بجٹ دستاویزات

ہفتہ 12 جون 2021 22:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2021ء) نئی مالی سال میں پارلیمنٹ ہاؤس (قومی اسمبلی اور سینیٹ) کے بجٹ میں 100 کروڑ سے زائد اضافہ کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق کے مطابق مالی سال 2021-22 میں پارلیمنٹ ہاؤس کے بجٹ میں 100 کروڑ سے زائد اضافہ کردیا گیا اور وفاقی حکومت کی جانب سے پارلیمنٹ ہاؤس ( قومی اسمبلی اور سینیٹ) کے لئے مجموعی طور پر9 ارب سے زائد کا بجٹ رکھا ہے۔

(جاری ہے)

بجٹ دستایزات کے مطابق قومی اسمبلی اور سینیٹ کا مجموعی بجٹ 9 ارب 32 کروڑ 86 لاکھ کا ہوگا، قومی اسمبلی کو گزشتہ سال کے مقابلے میں 32 کروڑ اضافی بجٹ دیا جائے گا، سینیٹ کو بھی بجٹ میں اپنے حصے سے زیادہ 72 کروڑ روپے ملیں گے اس طرح ایوان زیریں (قومی اسمبلی) کا مالی سال 21-22 کے لئے 5 ارب 58 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے، اور ایوان بالا (سینیٹ) کو 3 ارب 74 کروڑ 47 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔بجٹ دستاویزات میں بتایا گیا کہ پارلیمنٹ کے بجٹ میں اپوزیشن لیڈر چیمبر کا حصہ بھی مختص کیا گیا ہے، جب کہ اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر، چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ اور کشمیر کمیٹی کو بھی پارلیمانی بجٹ سے حصہ دیا جائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں