ملک میں زیادہ درجہ حرارت کی لہر، قومی ادارہ صحت کی ہیٹ/ سن سٹروک سے متعلق ہدایت جاری

پیر 16 مئی 2022 10:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2022ء) ملک کے مختلف حصوں میں زیادہ درجہ حرارت کی حالیہ لہر کے تناظر میں قومی ادارہ صحت نے ہیٹ/ سن سٹروک سے متعلق ہدایت جاری کر دی ہے ، یہ ایڈوائزری ہیٹ/ سن سٹروک کی روک تھام کےحوالے سےبروقت اور مناسب اقدامات کے لئے صحت کے متعلقہ اداروں کو جاری کی گئی ہے۔ایڈوائزری کے مطابق ہیٹ سٹروک ایک ایسی طبی حالت ہے جس کابروقت مناسب علاج نہ کیا جائے تو یہ جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے، اس کی علامات میں گرم اور خشک جلد، کمزوری یا سستی، بخار، سردرد، اور دل کی دھڑکن کا تیز ہونا شامل ہے۔

ہیٹ سٹروک کابروقت مناسب طریقے سے علاج نہ کیا جائےتو یہ موت کا سبب بن سکتا ہے یا اعضاء کو نقصان پہنچا سکتا ہے یا معذوری کا سبب بن سکتا ہے۔

(جاری ہے)

شیر خوار، 65 سال سے زائد عمر کے افراد ، ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر کے مریض، ایتھلیٹس اور آؤٹ ڈور کام کرنےوالے ورکرز کو ہیٹ سٹروک کا زیادہ خطرہ ہوتا ہے۔ایڈوائزری میں چند احتیاطی تدابیر پر بھی زور دیا گیا ہے جن میں گرم موسم میں زیادہ پانی پینا،گرم مرطوب موسم میں یا زیادہ درجہ حرارت والی جگہوں پر براہ راست سورج کی روشنی میں جانے سے گریز کرنا،گرم موسم میں سر کو ٹوپی سے ڈھانپنا اور ہلکے رنگ کے ڈھیلے کپڑے پہننا شامل ہے۔

اس کے علاوہ براہ راست سورج کی روشنی میں کام کرنے والے افراد کو وافر مقدار میں پانی/ مشروب کا استعمال کرنا چاہیے ۔مزید معلومات کے لئے یہ ایڈوائزری قومی ادارہ صحت کی ویب سائیٹ (www.nih.org.pk) پر موجود ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں