الیکشن کمیشن کا خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر 9 منتخب ارکان کے حلف تک صوبے میں سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے کا عندیہ

جمعرات 28 مارچ 2024 17:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2024ء) الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر 9 منتخب ارکان کے حلف تک صوبے میں سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے کا عندیہ دے دیا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے خیبرپختونخوا اسمبلی کے نومنتخب ارکان سے حلف نہ لینے کے معاملہ پر نومنتخب ارکان کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ جمعرات کو جاری کیا گیا۔

(جاری ہے)

فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ پشاور ہائی کورٹ کے فیصلہ پر اگر خیبرپختونخوا اسمبلی کے سپیکر عمل نہیں کرتے تو صوبے کی حد تک سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے پر مجبور ہوں گے۔ الیکشن کمیشن نے سپیکر خیبرپختونخوا کو پشاور ہائی کورٹ کے فیصلہ پر عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اگر نومنتخب ارکان سے حلف نہیں لیا جاتا تو الیکشن کمیشن صوبہ میں سینیٹ کے انتخابات ملتوی کرنے پر مجبور ہوں گے۔ فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ ووٹ ڈالنا ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور کسی کو بھی اس حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔ الیکشن کمیشن انتخابی قانون کے تحت سینیٹ انتخابات مکمل کرنے میں توسیع کر سکتا ہے۔ الیکشن کمیشن کا یہ آئینی فرض ہے کہ ووٹروں کو ووٹ ڈالنے کی سہولت دینے کیلئے انتظامات کرے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں