اکادمی ادبیا ت پاکستان میں "پاکستانی زبانوں کے ادبی عجائب گھر" کے منصوبے کے تحت مجلس تحقیق کا اجلاس

بدھ 17 اپریل 2024 17:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) اکادمی ادبیا ت پاکستان میں "پاکستانی زبانوں کے ادبی عجائب گھر" کے منصوبے کے تحت مجلس تحقیق کا اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت معروف ادیب اور دانشور محمد حفیظ خان نے کی جبکہ مجلس کے سیکرٹری محمد عاصم بٹ نے اجلاس کی کارروائی سنبھالی۔ مجلس کے اراکین میں غلام حسن بٹ، اسماعیل گوہر، سید ماجد شاہ، پروفیسر ڈاکٹر فوزیہ جنجوعہ، ڈاکٹر منظورویسریو، پناہ بلوچ، ڈاکٹر ضیاءالرحمن بلوچ، ڈاکٹر اختر عزیز نے اجلاس میں شرکت کی۔

گلگت بلتستان کے اراکین بوجوہ شریک نہ ہو سکے چنانچہ ان سے برقی ذرائع سے رابطہ کیا گیا۔ اجلاس میں عجائب گھر کے لئے پاکستانی زبانوں کے متعلق بنیادی معلومات کی تدوین کو حتمی شکل دینے پر غور و خوض ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس کے اختتام پر مجلس کے اراکین سے اکادمی ادبیات پاکستان کی صدر نشین پروفیسر ڈاکٹر نجیبہ عارف اور ناظم اعلیٰ سلطان ناصر نے ملاقات کی جس میں صدرِ مجلس اور اراکین نے اجلاس کی کارروائی پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ اِس اہم اور حساس نوعیت کی ذمہ داری سے یہ مجلس جلد ہی بطریقِ احسن سبکدوش ہو جائے گی اور پاکستانی زبانوں کا مطلوبہ مواد تیار کر لیا جائے گا تاکہ اسے عجائب گھر میں شامل کر لیا جائے۔

اجلاس کے بعد تمام اراکین نے زیرِ تعمیر "پاکستانی زبانوں کے ادبی عجائب گھر" کا دورہ کیا اور اس پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے پاکستانی زبان و ادب کے حوالے سے بے حد اہمیت حامل کا منصوبہ قرار دیا۔ اراکین کا کہنا تھا کہ پاکستانی زبانوں کا یہ ادبی عجائب گھر پاکستانی میں اپنی طرز کا پہلا اور منفرد منصوبہ ہے جس پر اکادمی ادبیات مبارکباد کی مستحق ہے۔ یہ عجائب گھر پاکستانی زبانوں کے تنوع اور ثقافتی رنگارنگی کو دُنیا کے سامنے پیش کرنے کا ایک عمدہ ذریعہ ہو گا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں