ہیموفیلیا کے عالمی دِن کے موقع پر ہلالِ احمر پاکستان کے زیراہتمام تقریب کا انعقاد

بدھ 17 اپریل 2024 20:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) ہیموفیلیا کے عالمی دِن کے موقع پر ہلالِ احمر پاکستان کے زیراہتمام تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ فاطمہ جناح آڈیٹوریم میں ہیموفیلیا کے متاثرہ افراد کے علاوہ رضاکاروں، ہلالِ احمر سٹاف اور انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈکراس، انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس، ترک ریڈ کریسنٹ کے زعماء کے علاوہ ڈاکٹر ثمینہ امانت نے شرکت کی۔

ہلالِ احمرکے چیئرمین سردار شاہد احمد لغاری نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کا دن اس بات کا متقاضی ہے کہ لوگوں کو خون سے متعلق بیماری ہیموفیلیا کے بارے میں بتایا جائے، آگاہی مہم کے حوصلہ افزاء نتائج سامنے آئے ہیں، عالمی دن کے موقع پر ہم عہد کرتے ہیں کہ ہیموفیلیا سے متاثرہ افراد کو پلازمہ کی فراہمی جاری رکھی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکرٹری جنرل ہلالِ احمر عبیداللہ خان نے ہیموفیلیاسے متعلق ہلالِ احمر پاکستان کے ریجنل بلڈ ڈونر سنٹر کی جانب سے آگہی مہم کا ذکر کرتے ہوئے اس سال کے موضوع (Equitable Access for all, Recognizing all bleeding disorders) پر بات کی۔

انہوں نے کہا کہ صحت عامہ سے متعلق ہلالِ احمر پاکستان کی کوششیں روزِ اوّل سے جاری ہیں،ہیموفیلیا کے خلاف آگہی مہم تسلسل سے جاری رکھی جاتی ہے۔ ریجنل بلڈ ڈونر سنٹر کی انچارج ڈاکٹر واصفہ معتصم کے مطابق ہیموفیلیا ایک مخصوص حالت ہے جس میں خون عام طور پر جم نہیں پاتا کیونکہ اِس میں جمنے والے عنصر کی کمی ہوتی ہے جس کے باعث متاثرہ افراد انتہائی تکلیف میں مبتلا رہتے ہیں اور بعض اوقات مسلسل خون بہہ جانے سے متاثرہ فرد کی موت بھی واقع ہوجاتی ہے۔

ہلالِ احمر کا ریجنل بلڈ ڈونرسنٹر ہیموفیلیامتاثرہ افراد کو پلازمہ کی فراہمی باقاعدگی سے یقینی بناتا ہے۔تقریب میں قرعہ اندازی کے ذریعے ہیموفیلیا متاثرہ جنید وحدت، محمد ثاقب، محمد عمر، احسن سیمی کو گفٹ باکس دیئے گئے۔ عالمی دِن کی مناسبت سے ٹریل 5 پر ہائیکنگ کا بھی میلہ سجایا گیا جس میں پوزیشن ہولڈرز کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔شرکاء کیلئے ریفریشمنٹ کا بھی اہتمام کیا گیاتھا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں