وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کاشادیوں میں ون ڈش پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد کا حکم

کینسر کے مریضوں کیلئے مفت ادویات کی فراہمی بحال کرنے کی منظوری ، پراجیکٹ میں مزید مریض شامل کرنے پر اتفاق

منگل 30 اپریل 2024 20:42

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کاشادیوں میں ون ڈش پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد کا حکم
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اپریل2024ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا6 واں اجلاس منعقد ہوا،جس میں وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب بھر میں شادی کی تقریب میں ون ڈش پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دیا ہے۔ کابینہ نے کینسر کے مریضوں کے لئے مفت ادویات کی فراہمی بحال کرنے کی منظوری دی۔

اجلاس میں پنجاب میں مفت کینسر ادویات پراجیکٹ میں مزید مریض شامل کرنے پر اتفاق کیاگیا۔کابینہ نے محمد نوازشریف کسان کارڈ کے اجراء کی اصولی منظوری دی۔گندم کے چھوٹے کاشتکار کو ڈائریکٹ کیش سبسڈی دینے کی تجویز کا جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہاکہ کاشتکار کے لئے پنجاب کے سارے وسائل حاضر ہیں۔ آڑھتی اور دیگرمڈل مین کو کسان کے استحصال کی اجازت نہیں دے سکتے۔

(جاری ہے)

میری نیت ہے اللہ کی مخلوق کیلئے روٹی سستی ہو۔ اجلاس میں پنجاب میں فراہمی اور نکاسی آب کے منصوبے لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی اجازت سے مشروط کرنے پر اتفاق کیاگیا۔سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اتھارٹی کو نواز شریف آئی ٹی سٹی کے قیام کے لئے 10ارب سیڈ منی دینے پر اتفاق بھی کیاگیا۔چینی کمپنیوں کو نواز شریف آئی ٹی سٹی لاہور میں کیمپس قائم کرنے پر قائل کرنے پر سی ای او سی بی ڈی کو خراج تحسین پیش کیاگیا۔

اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ ریاض سے سعودی اکیڈمی بھی نواز شریف آئی ٹی سٹی میں کیمپس کھولنے کے لئے تیارہے۔آئی ٹی سٹی میں 10 ٹاور بنیں گے،فوری طور پر ٹوئین ٹاور بنائے جائیں گے۔ مئی میں نواز شریف آئی ٹی سٹی کی لانچنگ کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے چیف سیکرٹری کو مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے قابل پروفیشنل لوگوں کا ایک پول بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ فری ا دویات کی گھروں میں فراہمی کا پروگرام مئی میں شروع کر دیا جائے گا۔

کابینہ پنجاب میں دفعہ 144کے نفاذ کے اختیارات ڈپٹی کمشنر کو تفویض کرنے کی منظوری دی۔ عوامی نمائندوں کے انتخاب تک بلدیاتی اداروں میں اے ڈی سی آر کی جگہ اے ڈی سی کوچارج دینے کی منظوری بھی دی گئی۔اجلاس میں گاڑی کے لئے پلاٹنم کیٹگری نمبر پلیٹ کی فیس 10لاکھ مقرر کرنے پر اتفاق کیاگیا اور پرسنلائزڈ / وینٹی نمبر پلیٹس کے ڈیزائن کی منظوری کے لئے افسرکی تعیناتی کی منظوری دی گئی۔

پنجاب کی ہر منسٹری کا پرفارمنس آڈٹ کرنے پر اتفاق کیاگیا۔ کابینہ نے مری کے نواحی گاؤں پرینہ میں لینڈ سلائیڈ سے متاثرہ افراد کی مالی امداد کیلئے فنڈز کی منظوری دی،10لاکھ روپے فی گھر ملیں گے۔محکمہ سپیشلائز اینڈ ہیلتھ کیئر میڈیکل ڈیپارٹمنٹ، ٹیچنگ ہسپتالوں اوردیگر فیلڈ آفیسز کیلئے الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلزکی کنٹریکٹ بنیادوں پر بھرتی کی منظوری دی گئی۔

کابینہ نے پنجاب میڈیکل اینڈ ہیلتھ انسٹیٹیوشن ایکٹ 2003ء کے تحت گوجرانوالہ میڈیکل کالج اور پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیوروسائنسز کے بورڈ آف مینجمنٹ کی تشکیل کرنے کی منظوری دی۔محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کے آئی آر ایم این سی ایچ اورنیوٹریشن پروگرام کے ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع کی منظوری دی گئی۔ڈائریکٹوریٹ آف مانیٹرنگ اینڈ ایویلوایشن، ڈی جی ایچ ایس پنجاب،لاہورمیں کنٹریکٹ تعیناتی میں توسیع کی منظوری دی گئی۔

کابینہ نے محکمہ توانائی کے ری کنسیلی ایشن سیل کے 14ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع کی منظوری دی۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ایڈووکیٹ جنرل کوکنٹریکٹ پالیسی میں ترمیم کی ہدایت کی کہ کسی کنٹریکٹ میں توسیع کابینہ کی منظوری کے بغیر نہیں ہوگی۔ضلع چکوال کے علاقے چوا سیدن شاہ کے سیمنٹ پلانٹ پراجیکٹ میں 350ملین ڈالر کی براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کی منظوری دی گئی۔

3 نئے سیمنٹ پلانٹ قائم کرنے اور چار سیمنٹ پلانٹس کی توسیع کرنے کیلئے این او سی کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔مہاجر برانچ کینال فتح پور مہرہ ضلع خوشاب سے سوڈا ایش پلانٹ کے لیے پانی کی فراہمی کیلئے براہ راست آؤٹ لٹ کی درخواست کی منظوری دی گئی۔آبی ضروریات پوری کرنے کیلئے وزیراعلی مریم نوازشریف نے مہاجر برانچ کینال کی ری ماڈلنگ کی ہدایت کی اور کہاکہ پنجاب میں جو انڈسٹری اور سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے اسے روکنا نہیں چاہئے۔

فیصل آباد میں الائیڈ مور سے سمال انڈسٹریل سٹیٹ روڈ کو کیپٹن ڈاکٹر محمد بلال خلیل شہید روڈ کے نام سے منسوب کرنے کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں محمد افضل خان کھوکھر کی پنجاب ماڈل بازارمینجمنٹ کمپنی کے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹر کی حیثیت سے تعیناتی کی منظوری دی گئی۔کابینہ نے سموگ کے سدباب کے لئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی کے قیام اورپنجاب اسمبلی کے پہلے پارلیمانی سال کے سالانہ کیلنڈر کی منظوری دی ۔

اجلاس میں تعلیم کا معیار اور رسائی پراجیکٹ کے مجوزہ نتائج کے حوالے سے مذاکرات اوریونیورسٹیوں میں وائس چانسلر کی تعیناتی کیلئے سرچ کمیٹی کے قیام کی منظوری دی گئی۔انٹرویو کے لئے کوالیفائی کرنے کے لئے وائس چانسلرزامیدوار کے لئے 75فیصد سے 80 فیصد کرنے کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں سی ای او فیڈمک کی برطرفی اور قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔صوبائی وزراء، مشیر،چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب پولیس، سیکرٹریزاور دیگرافسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں