راجہ بشارت، طاہر صادق اور عمر سلطان کے خلاف درج مقدمات میں ضمانت قبل از گرفتاری کنفرم

جمعرات 18 اپریل 2024 22:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) انسداد دہشت گری عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما راجہ بشارت، طاہر صادق اور عمر سلطان کی تھانہ رمنا میں درج مقدمات میں ضمانت قبل از گرفتاری کنفرم کر دی ہے۔جمعرات کے روز ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت کے دوران ملزمان اپنے وکلاء کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے، پراسیکیوٹر راجہ نوید عدالت کے روبرو پیش ہوئے،عدالت نے درخواست ضمانت کے ساتھ سرٹیفکیٹ نہ لگانے پر وکلاء کی سرزنش کر دی،عمر سلطان اور راجہ بشارت کی ضمانت عدم پیروی پرخارج کر دی گئی تھیں۔

وکلاء نے موقف اپنایا کہ درخواست ضمانت خارج ہوئی، اُس وقت حالات واقعات مختلف تھے۔ جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیئے وہ حالات لکھ کر دیں، کون لکھے گا؟ پہلی درخواست خارج ہونے کی وجہ نہیں ہوگی تو ضمانت نہیں ملے گی،جب بندہ اشتہاری ہو جائے حقوق ختم ہو جاتے ہیں،آپ غیر معمولی ریلیف کیلئے آئے ہیں تیاری کے ساتھ مکمل کیس پیش کریں۔

(جاری ہے)

وکلاء نے موقف اپنایا تھوڑا وقت دیں درخواست کے ساتھ نیا سرٹیفکیٹ لگا دیتے ہیں۔

عدالت نے ریمارکس دیئے آپ اپنے کلائنٹ کے ساتھ ایسے کھیل رہے ہیں، آپ معمول میں چیزیں لے رہے ہیں،میری عدالت میں جو پیش ہوتا ہے تیاری کر کے آتا ہے۔ وکلاء نے کہا یہ ہمارے لئے شرمندگی کا باعث ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے آپ کے لئے ہو گی میرے لئے شرمندگی نہیں، تیاری کر کے آیا کریں۔ دوران سماعت وکلاء اور پراسیکیوٹر کی جانب سے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر دلائل دیئے گئے جس کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔ بعد ازاں عدالت کی جانب سے فیصلہ سناتے ہوئے راجہ بشارت، میجر ریٹائرڈ طاہر صادق اور عمر سلطان کی ضمانت سابقہ مچلکوں پر ہی کنفرم کر دی گئی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں