35 ویں سینئر مینجمنٹ کورس شرکاء کا ہلال احمر پاکستان کا دورہ

جمعرات 25 اپریل 2024 18:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2024ء) نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ میں زیر تربیت 35 ویں سینئر مینجمنٹ کورس کے شرکاء نے ہلال احمر پاکستان نیشنل ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔فاطمہ جناح آڈیٹوریم میں باقاعدہ استقبالیہ تقریب کا شاندار انتظام کیا گیا تھا۔وفد کے اعزاز میں منعقدہ تقریب کا با قاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔

قومی ترانہ کے بعد سیکرٹری جنر ل ہلال احمر پاکستان عبید اللہ خان نے استقبالیہ کلمات میں 35 ویں سینئر مینجمنٹ کورس کے شرکاء کو ہلال احمر آنے پر خوش آمدید کہا۔انہوں نے ملٹی میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے ریڈ کراس، ریڈ کریسنٹ موومنٹ، اور انٹر نیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس کی تاریخ اور ہلالِ احمر پاکستان کے قیام، اقدامات، جاری سرگرمیوں سے متعلق بتایا۔

(جاری ہے)

اس موقع پرقدرتی آفات و سانحات کے دوران انسانیت کی خدمت پر مبنی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ 2022 ء کے سیلاب متاثرین کے لئے ہلال احمر کی جانب سے خدمات کو تالیوں کی گونج میں سراہا گیا۔سیکرٹری جنرل عبیداللہ خان نے کہاکہ سردار شاہد احمد لغاری کی قیادت میں ادارہ میں شفافیت اور احتسابی عمل کو یقینی بنایا گیا جبکہ ہلالِ احمر کے پروگراموں کوبھی وسعت دی گئی ہے۔

وفد کے سربراہ اعجاز احمد باجوہ نے اپنے خطاب میں ہلال احمر پاکستان آمد کو باعث طمانیت قرار دیا انہوں نے کہا کہ فیلڈ وزٹ میں اداروں کا چناؤباریک بینی سے کیا جاتا ہے، ہلالِ احمر پاکستان کا انتخاب بھی اِس کی خدمات کو دیکھتے ہوئے کیا گیا۔ہلال احمر پاکستان سردار شاہد احمد لغاری کی قیادت میں نہ صرف درست سمت میں گامزن بلکہ محفوظ ہاتھوں میں ہے۔

ادارہ سے متعلق آگاہی ہم سب کے لئے مفید ہے اور رہے گی۔انسانیت کی خدمت کے ادارہ کا دورہ ہمیشہ یادگار رہے گا۔چیئرمین ہلال احمر پاکستان سردار شاہد احمد لغاری نے اختتامی کلمات میں کورس شرکاء کے دورہ کو خوش آئند قراردیتے ہوئے سب کا شکریہ ادا کیا انہوں نے ہلال احمر پاکستان کے امیج اور ساکھ کی پائیداری سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا ۔

انہوں نے کہا کہ18 ماہ کی قلیل مدت میں 28لاکھ سیلاب متاثرین کی خدمت ایک ریکارڈ ہے۔انہوں نے بیرونی دنیا میں پہلی بار ہلال احمر پاکستان کی جانب سے غزہ،شام،ترکیہ کے لئے امدادی سامان بھجوانے اور مالی مدد سے متعلق بھی بتایا۔انہوں نے اپنے خطاب میں پاک فوج اور این ڈی ایم اے سمیت دیگر موومنٹ پارٹنرز کے تعاون اور شراکت داری کا بھی شکریہ اداکیا۔

تقریب میں ہلالِ احمر پاکستان کے منیجنگ بورڈ کے ممبران بریگیڈئر(ر) عبدالہادی، ڈاکٹر ارشاد محمد بھی موجود تھے۔ اس موقع پرافسران کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں جبکہ وفد اور نمزکے سربراہ اعجاز احمد باجوہ کی جانب سے چیئرمین ہلال احمر پاکستان سردار شاہد احمد لغاری کو اعزازی شیلڈ پیش کی گئی۔نمز کے سربراہ اعجاز احمد باجوہ کی سربراہی میں 21 افسران پر مشتمل وفد نے ریجنل بلڈ ڈونرز سنٹر اور لائبریری کا بھی دورہ کیا اور وفد کے سربراہ اعجاز احمد باجوہ نے وزیٹر بک میں تاثرات بھی قلمبند کئے۔ہلالِ احمر پاکستان کے چیئرمین سردار شاہد احمد لغاری نے شرکاء کو ہلالِ احمر سٹار بیج بھی لگائے اور تمام شرکاء نے بحیثیت رضاکار رجسٹریشن بھی کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں