پاکستان کی معاشی ترقی میں کراچی اور سندھ اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ، ڈاکٹرفاروق ستار

منگل 14 مئی 2024 16:09

پاکستان کی  معاشی ترقی میں کراچی اور سندھ اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ، ڈاکٹرفاروق ستار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2024ء) ایم کیوایم کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی میں کراچی اور سندھ اہم کردار ادا کر سکتے ہیں اس کے لیے بلدیاتی نظام کو مضبوط بنانا ضروری ہے، کراچی کے مسائل صرف بلدیاتی نظام سے حل ہو سکتے ہیں۔ منگل کو قومی اسمبلی میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدر کے خطاب پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدر نے ریاست اور ریاستی اداروں کے درمیان اتحاد کی بات کی ہے، آئین میں مقامی بلدیاتی اداروں کو ریاست کا لازمی جزو قرار دیا گیا ہے ۔

صدر مملکت نے لوگوں پر سرمایہ کاری کی بات کی ہے، کراچی چار ہزار ارب سے زیادہ کا ٹیکس دیتا ہے اسے مرکز سے صرف 40 ارب اور صوبہ سے 20 ارب ملتے ہیں ، صدر مملکت نے جامع نمو کی بات کی ہے ، اس میں معاشرے کے تمام طبقات کو شامل ہونا چاہیے، پورے ملک میں ڈھائی کروڑ لوگ غربت کے لکیر سے نیچے گئے ہیں جبکہ بی آئی ایس پی کے تحت صرف 9 ملین لوگوں تک رسائی ہے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو بے نظیر انکم جنریشن پروگرام میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں پائیدار ترقی پر اپنی توجہ مرکوز کرنا چاہیے، قومی ایجنڈے میں کراچی کو ترجیح دینا چاہیے۔ صدر نے جس وژن کی بات کی ہے اس میں کراچی کو توجہ دینا ہوگی۔ فاروق ستار نے کہا کہ پاکستان کے معاشی ترقی میں کراچی اور سندھ اہم کردار ادا کر سکتے ہیں اس کے لیے بلدیاتی نظام کو مضبوط بنانا ضروری ہے، کراچی کے مسائل صرف بلدیاتی نظام سے حل ہو سکتے ہیں، بے نظیر بھٹو نے ضلع حکومت کا تصور دیا تھا۔

بے روزگاری مہنگائی اور دیگر عوامی مسائل کے حل کے لئے مقامی حکومتوں کو اختیارات دینا ہوں گے اس سے گھریلو صنعتیں مضبوط ہوگی۔ بڑے وڈیروں اور جاگیردار جن کی آمدنی 50 لاکھ سے زیادہ ہے ان پر ٹیکس لگانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ایف سی سے مقامی حکومتوں کو براہ راست فنڈز ملنے چاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے مسائل پرتوجہ دینا وقت کی ضرورت ہے، شجرکاری کا قومی دن منانا چاہیے، اس کیلئے قومی سطح پر لائحہ عمل وضع کرنے کی ضرورت ہے۔

برآمدات میں اضافہ اور ویلیو ایڈیشن پر توجہ مرکوز کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسلح افواج کی خدمات کو فراموش نہیں کرنا چاہیے، ہمارے ہزاروں سکیورٹی اہلکاروں کی قربانیوں کو کم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، 9 مئی کا واقعہ قابل مذمت ہے، اس واقعہ میں جو لوگ ملوث ہیں ان کے خلاف کارروائی ہونا چاہئیے۔ انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیرکے عوام کے مسائل کو حل کرنے کی ضرورت ہے، ہم فلسطین میں مظالم کی مذمت کرتے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں