فیصل آباد چیمبر آف کامرس کا پاکستان سے یورپ کو ہونے والی برآمدات کیلئے فریٹ چارجز میں کئی گنا اضافہ پر تشویش کا اظہار

جمعہ 2 فروری 2024 21:26

جڑانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 فروری2024ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے قائم مقام صدر ڈاکٹر سجاد ارشد نی پاکستان سے یورپ کو ہونے والی برآمدات کیلئے فریٹ چارجز میں کئی گنا اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خاص طور پر ایس ایم ای سیکٹر سے تعلق رکھنے والے برآمدی تاجروں کو ریلیف دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بحیرہ احمر میں کشیدہ صورتحال کی وجہ سے سمندری راستوں کے ذریعے برآمدات کیلئے سنگین خطرات درپیش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلے جس کنٹینر کا کرایہ 800ڈالر تھا وہ اب بڑھ کے چار ہزار ڈالر سے بھی تجاوز کر گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی حالات ، اندرون ملک سیاسی عدم استحکام اور معاشی پالیسیوں کے عدم تسلسل کی وجہ سے پہلے ہی برآمدی اشیاء کی پیداواری لاگت بڑھ چکی ہے اور خاص طور پر ایس ایم ای سیکٹر سے تعلق رکھنے والے تاجر محض عالمی منڈیوں میں پاکستان کی موجودگی کو برقرار رکھنے کیلئے انتہائی کم منافع پر برآمدات کر رہے ہیں لیکن فریٹ چارجز میں یکدم اضافہ سے ان کیلئے برآمدات خسارہ کا سودا بن گئی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر وہ برآمدات نہیں کریں گے تو اِس سے ملک کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا اور درآمدی اور برآمدی فرق مزید بڑھ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات میں اضافہ کیلئے حکومت کو اس صورتحال کا نوٹس لے کر فوری نوعیت کے ضروری اقدامات اٹھانے ہوں گے تاکہ برآمدات کا سلسلہ بلا تعطل جاری رہے اور پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی نہ ہو۔

جڑانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں