یونیورسٹی آف جھنگ کی کلاسزگورنمنٹ غزالی ڈگری کالج میں قائم عارضی کیمپس میں ستمبر سے شروع کی جا رہی ہیں، ڈو یژنل کمشنر

جمعہ 31 اگست 2018 23:10

جھنگ۔31 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اگست2018ء) یونیورسٹی آف جھنگ کے انتظامی معاملات میں مزید پیشرفت کا آغاز کر دیا گیا،یونیورسٹی آف جھنگ کی کلاسزگورنمنٹ غزالی ڈگری کالج میں قائم عارضی کیمپس میں ستمبرسے شروع کی جاررہی ہیں،ابتدائی طور پر یونیورسٹی آف جھنگ میں کمپیوٹر سائنس اور ریاضی کے مضامین پڑھائے جائیں گے۔ ان خیالات ڈو یژنل کمشنرآصف اقبال نے ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں یونیورسٹی آف جھنگ میں کلاسز کے اجراء بارے انتظامات کاجائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنرحافظ شوکت علی ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرریونیو سجاد احمد خان ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز، پرنسپل گورنمنٹ غزالی ڈگری کالج، ڈی او بلڈنگ،ڈی او ڈوپلیمنٹ سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈو یژنل کمشنرآصف اقبال نے کہا کہ یونیورسٹی آف جھنگ کے وائس چانسلر کی تعیناتی کے لئے مشتہر کیا جا چکا ہے جن کے انٹرویوزبھی کر لیے گئے ہیں اور جلد ہی ہائیر ایجوکیشن کے احکامات کے مطابق وائس چانسلر کی تعیناتی کر دی جائے گی۔

یونیورسٹی کیلئے فکیلٹی، اکیڈمک سکول او رجسٹرا ر کی تعیناتی کی جا رہی ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پی سی ون اور پی سی ٹو کے قانونی تقاضے پورے کئے جاچکے ہیں۔ جھنگ شہر سے صرف 2، 3 کلومیٹر کے فاصلے پر 2286 کنال اراضی یونیورسٹی کو منتقل کی گئی ہے اور یونیورسٹی کو قبضہ بھی دے دیا گیا ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ یونیورسٹی آف جھنگ کے فنانشل رولز اور دیگر اختیاراتی قوانین کا مسودہ ہائر ایجوکیشن کوبھجوا دیا گیا ہے اوریونیورسٹی آف جھنگ کے لئے رواں مالی سال کے بجٹ کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔

اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ پہلے سیشن کے داخلوں کیلئے قواعد و ضوابط کی منظوری دی جا چکی ہے۔ کنسٹرکشن کمیٹی، پروکیورمنٹ پرچیز کمیٹی، فکیلٹی اور سٹاف کی تعیناتی، وزٹنگ فکیلٹی، نان ٹیچنگ سٹاف کمیٹیاں قانون کے مطابق اپنے افعال کار سرانجام دے رہی ہیں۔ یونیورسٹی آف جھنگ کے پہلے سیشن کیلئے فیس سٹرکچر بھی منظور کیا جا چکا ہے۔ اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ یونیورسٹی کے فرنیچر اور دیگر ضروری سامان کی خریداری کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔

جائزہ اجلاس میں بتایا گیا کہ یونیورسٹی آف جھنگ کے پہلے سیشن کی تیاریاں تکمیل کو پہنچ رہی ہیں اور داخلوں کیلئے پہلا پراسیس بھی مکمل ہو چکا ہے اور اساتذہ کی تعیناتی کیلئے لائخہ عمل تیار کر لیاگیا ہے ۔جبکہ یونیورسٹی آف جھنگ میں داخلہ کے لئے اخبارات میں اشتہار دینے کے انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں ۔بعدازاں ڈو یژنل کمشنرآصف اقبال ڈپٹی کمشنرحافظ شوکت علی کے ہمراہ گورنمنٹ غزالی ڈگری کالج گئے اور کالج میں یونیورسٹی آف جھنگ کی کلاسز کے اجراء کے حوالے سے کلاس رومز، لابئری اور ایڈمن بلاک کامعائنہ کیا اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں