تحریک انصاف اقتدار میں آ کر سب سے پہلے مہاجرین کو اراضی کے مالکانہ حقوق دلائیگی،محمد طاہرکھوکھر

مہاجرین کشمیر ہمارے محسن ہیں ،طویل عرصہ گزرنے کے باوجود جھنگ میں کشمیر کالونیوں کے مسائل سے غفلت برتنا حکومت آزادکشمیر کی مجرمانہ غفلت ہے ، رہنماء پی ٹی آئی آزاد کشمیر

ہفتہ 27 مارچ 2021 15:50

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2021ء) تحریک انصاف آزادکشمیر کے مرکزی رہنما ، سابق وزیر سیاحت و ٹرانسپورٹ محمد طاہرکھوکھر نے کشمیری مہاجرین مقیم جھنگ کو اراضی کے مالکانہ حقوق دلوانے میںناکامی پر حکومت آزادکشمیر کو شدید تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف اقتدار میں آ کر سب سے پہلے مہاجرین کو اراضی کے مالکانہ حقوق دلائے گی اور مہاجرین کیلئے مزید کشمیر کالونیاں قائم کی جائیں گی ۔

انہوں نے کہا کہ مہاجرین کشمیر ہمارے محسن ہیں انہوں نے اسلام اور پاکستان کی خاطر اپنے گھر بار چھوڑے اور قربانیاں دیں ۔طویل عرصہ گزرنے کے باوجود جھنگ میں کشمیر کالونیوں کے مسائل سے غفلت برتنا حکومت آزادکشمیر کی مجرمانہ غفلت ہے جس کی وہ بھرپورمذمت کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

یہاں کشمیر کالونیوں کے دورہ کے موقع پر ممتار کشمیری رہنمائوں سردار ارباز خان، سردار مبین ، خواجہ احسان، محمد صدیق ،محمد اجمل،چوہدری نیک محمد اور دیگر سے گفتگو کرتے ہوئے طاہرکھوکھر نے کہا کہ مہاجرین کشمیر کے مسائل کا حل اور ان کیلئے مزید سہولتوں کی فراہمی تحریک انصاف کی اولین ترجیح ہے کسی کو بھی مہاجرین کے حقوق غصب کرنے کی اجازت نہیں دی جائیں گی محکمہ بحالیات سمیت دیگر محکمہ جات کو مہاجرین کے لئے مسائل پیداکرنے کے بجائے ان کو ریلیف دیناچاہیے ۔

تحریک انصاف بر سراقتدار آ کر سرکاری محکمہ جات اور اہلکاروں کو عوام کی خدمت پر مامور کرے گی۔ طةہرکھوکھرنے کہا کہ آزادکشمیر کے کرپشن زدہ سیاسی ماحول اور نظام حکومت کو تبدیل کرنے کیلئے عوام کو بیدار ہوکر درست قیادت کا انتخاب کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کرپشن کے خلاف جو جدوجہد شروع کی ہے انشاء اللہ کامیابی سے ہمکنار ہو گی اور پاکستان کی طرح آزادکشمیر میں بھی کرپشن فری ریاست کا خواب جلد پورا ہوگا۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں