ضلع بھر کے 60سکولوں کی چار دیواری کی تعمیر و مرمت کیلئے 15کروڑ روپے کی رقم مختص

منگل 28 نومبر 2017 18:03

جھنگ۔28 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 نومبر2017ء)حکومت پنجا ب کے سالانہ ترقیاتی پروگرام2017-18کے تحت مختلف سرکاری سکولوں کی سیکورٹی کو مزید موثر اور فعال بنانے کیلئے حوالہ سے ضلع بھر کے 60سکولوں کی چار دیواری کی تعمیر و مرمت اور دیگر بنیادی و ضروری سہولیات فراہم کرنے کے ضمن میں 15کروڑ روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے جبکہ مذکورہ ترقیاتی منصوبوں کے تحت 8مختلف سرکاری سکولوں کی اپ گریڈیشن بھی کی گئی ہے۔

یہ بات ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کے خصوصی اجلاس کے دوران بتائی گئی جس میںاسسٹنٹ کمشنرز، سی ای او ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ،ایکسیئن بلڈنگ، ڈپٹی ڈائریکٹرٹیکنیکل اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک نے متعلقہ محکموںکے افسران کو ہدایت کی کہ سرکاری سکولوں کی سیکورٹی کو مزید موثر اور فعال بنانے کے حوالہ سے ترقیاتی منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے ،اس ضمن میں سست روی قابل قبول نہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر تعمیراتی پیش رفت سے متعلق انہیں آگاہ کریں اور انکی پائیدار تکمیل کے لئے تعمیراتی مراحل کی مکمل مانیٹرنگ ہونی چاہئے ۔ انہوں نے تاکید کی کہ اگر کسی سکیم کی تعمیر کی راہ میں کوئی رکاوٹ درپیش ہو تو اسکی بلاتاخیر نشاندہی کی جائے تاکہ بروقت کارروائی سے رکاوٹ دور کرکے منصوبے کو تعطل سے بچایا جا سکے ۔قبل ازیں سالانہ ترقیاتی پروگرام2017-18 کے تحت ترقیاتی منصوبوں کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں