تعلیمی ا ہدف پورا نہ کرنے والے اے ای اوز کے خلاف ایکشن لیا جائیگا‘ ڈپٹی کمشنر

جمعہ 26 اکتوبر 2018 23:51

جھنگ۔26 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2018ء) ڈپٹی کمشنرحافظ شوکت علی نے کہا ہے کہ سکولوں میں تعلیمی ہدف پورا کرنے کیلئے محکمہ تعلیم کے افسران اور اساتذہ محنت اور عزم سے کام کریں۔ تعلیمی پالیسی کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے محنت اور جذبہ کی ضرورت ہے ۔ تمام اے ای اوز اپنا ٹارگٹ پورا کریں اور تعلیمی ہدف پورا نہ کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیا جائیگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے محکمہ تعلیم کی کارکردگی بارے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرمحمد عثمان اکرم، چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی عطاء اللہ شاہ، ڈی او ز ، ڈپٹی ڈی اووزاور اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرزبھی موجو دتھے۔ڈپٹی کمشنرحافظ شوکت علی نے کہا کہ تعلیمی روڈ میپ پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے محکمہ تعلیم کے افسران تندہی سے فرائض سرانجام دیں۔

(جاری ہے)

تعلیمی اداروں میں تمام تر توجہ طالب علموں کو معیاری تعلیم کی فراہمی پر موکوز ہونی چاہیے اس ضمن میںکارکردگی نہ دکھانے والے اساتذہ اور ایجوکیشن آفیسران کے خلاف محکمانہ کاروائی کی جائیگی۔ سی ای او ایجوکیشن عطاء اللہ شاہ نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ ضلع بھر کے سکولوں میں85فیصد انرولمنٹ مکمل کر لی گئی ہے جبکہ سرکاری سکولوں کی سیکورٹی ، چاردیواری اورٹائلٹ بلاک کی تعمیرو مرمت کا کام تیز رفتاری سے جاری ہے جبکہ حالیہ شجر کاری مہم کے تحت ضلع بھر کے تمام سرکاری سکولوں میں درخت لگانے کا ہدف مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ مزید مختلف اقسام کے درخت اور پودے بھی لگائے جا رہے ہیں۔

ڈپٹی کمشنرحافظ شوکت علی نے محکمہ تعلیم کے انتظامی افسران کو ہدایات جاری کی کہ وہ سکولوں میں بنیادی اور دیگرضروری سہولیات کی فراہمی کے حوالہ سے تمام میسر وسائل بروئے کارلائے اس ضمن میں کسی قسم کی سستی اور لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں