الیکشن کمیشن پولنگ کے روز ووٹرز کو ایس ایم ایس کی سہولت فراہم کریگا

اتوار 27 نومبر 2016 13:30

․ جھنگ/فیصل آباد۔27 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 نومبر2016ء) یکم دسمبر بروز جمعرات کو منعقد ہونیوالے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 78 جھنگ کے ضمنی انتخاب کے موقع پر الیکشن کمیشن ووٹرز کو ایس ایم ایس کی سہولت فراہم کریگا اورموبائل فون کی میسجنگ سروس کے ذریعے اپنا کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ نمبر لکھ کر 8300 پر ایس ایم ایس کرنے کی صورت میں متعلقہ شخص کو فوری جواب کی سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ اسے انتخابی فہرستوں میں اپنے ووٹ کا سلسلہ نمبر ،بلاک کوڈ ، پولنگ سٹیشن کے نام اور مقام سے متعلق بروقت آگاہی حاصل ہو سکے اور اسے اپنا ووٹ کاسٹ کرنے میں کسی دقت یا پریشانی کاسامنا نہ کرنا پڑے۔

ریجنل الیکشن کمیشن فیصل آباد کے ذرائع نے بتایاکہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی شق 44 کے تحت سیاسی جماعتیں اور امیدواران یا ان کے حمایتی پولنگ کے روز کسی بھی صورت پولنگ سٹیشن کے قریب سو گز کی حدود میں اپنا انتخابی کیمپ نہیں لگاسکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ سیاسی جماعتوں اور امیدواران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پولنگ کے انعقاد کے ذمہ دار افسران سے مکمل تعاون کریں تاکہ پرامن اور منظم انداز میں پولنگ کا خوشگوار انعقاد یقینی بنایاجاسکے۔ انہوںنے بتایاکہ پولنگ کے موقع پر ووٹرز کو اپنی رائے کے اظہار کی مکمل آزادی ہو گی اور پولنگ سٹیشنوں کے قریب کسی شخص کو کسی ووٹر پر اثر انداز ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں