امریکہ پاکستان بزنس ڈیولپمنٹ فورم کا وفد ہفت روزہ دورے پر 30 اکتوبر کو کراچی پہنچے گا

وفد کی قیادت نوید عیسیٰ کریںگے، چیئرمین ایف پی سی سی آئی قائمہ کمیٹی برائے پبلک ریلیشنز شجاعت علی بیگ

منگل 23 اکتوبر 2018 16:01

امریکہ پاکستان بزنس ڈیولپمنٹ فورم کا وفد ہفت روزہ دورے پر 30 اکتوبر کو کراچی پہنچے گا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2018ء) امریکہ پاکستان بزنس ڈویلپمنٹ فورم ، امریکہ کا پانچ رکنی وفد ہفت روزہ دورے پر 30 اکتوبر کو کراچی پہنچے گا ۔وفد فیڈریشن ہاؤس میں فورم کے پاکستان چیپٹر کی لانچنگ تقریب سمیت مختلف ایونٹس میں شرکت اور بزنس کمیونٹی و سرکاری حکام سے ملاقاتیں کرے گا۔ اس دورے کا مقصد امریکہ اور پاکستان کے درمیان تجارتی تعلقات اور سرمایہ کاری کو بڑھانا ہے۔

یہ بات امریکہ پاکستان ڈویلپمنٹ فورم پاکستان چیپٹر کے صدر اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کی قائمہ کمیٹی برائے تعلقات عامہ کے چیئرمین شجاعت علی بیگ نے گزشتہ روز فیڈریشن ہاؤس میں منعقدہ کمیٹی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتائی۔

(جاری ہے)

وفد کی قیادت منیجنگ پارٹنر و صدر آئی سی سی ایم سی اور امریکہ پاکستان بزنس ڈویلپمنٹ فورم نوید عیسیٰ خود کر رہے ہیں۔

ایف پی سی سی آئی قائمہ کمیٹی برائے تعلقات عامہ کے اجلاس میں فورم کے پاکستان چیپٹر اور پی آر قائمہ کمیٹی کے سیکریٹری سید ناصر وجاہت، سید تراب شاہ، مبشر میر، پرویز جارج، سید وجاہت علی، اختر شاہین رند، علی پسنانی، واجد نصر، عاصمہ نصر، وحید جنگ، اختر شورو، مجاہد علی، کاشف رفعت، طیب رضوی اور دیگر نے شرکت کی۔ شجاعت علی بیگ نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ امریکہ سے آنے والے وفد کے دیگر اراکین میں کمرشل رئیل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ فرم جیو سی آر ای کے سربراہ ، مڈل ٹاؤن اوہائیو کے سابق ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اور فرینکلن اوہائیو کے سابق ڈائریکٹر اکنامک ڈیویلپمنٹ اینڈ فنانس مائیک روبینیٹ Miek Robinette، ہیلتھ کیئر مارکیٹس میں خصوصی طور پر سرمایہ کاری کرنے والی کمپنی آرک انویسٹمنٹ کمپنیز کی سربراہ طاہر جعفر، صدرارتھ انٹرپرائزز ٹام ڈروشک Tom Drauschak (انہوں نے سینکڑوں رہائشی، تجارتی، میونسپل و انڈسٹریل کلائنٹس کے لیے منصوبے بنائے ہیں اور گولف کورسز بنانے کے علاوہ کئی کتابوں کے بھی مصنف ہیں) اور حیات ہوٹل ڈویلپمنٹ کے ریجنل نائب صدر برائن ایبس Brian Ebbs شامل ہوں گے۔

اس کے علاوہ امریکہ پاک بی ڈی ایف ہیوسٹن کے چیئرمین وبڑی امریکی امیگریشن لاء فرم فوسٹر گلوبل کے سربراہ چارلس سی فوسٹر وڈیو لنگ کے ذریعے کراچی کے ایونٹس میں شریک ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ وفد خصوصی طور پر فورم کے پاکستان چیپٹر کی لانچنگ تقریب میں شرکت کرے گا جو 31 اکتوبر کو فیڈریشن ہاؤس میں منعقد ہو گی۔ اس کے علاوہ وفد بزنس کمیونٹی اور سرکاری حکام سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔

اس سلسلے میں فورم کے صدر نوید عیسیٰ نے شجاعت علی بیگ کو ایک خط بھی لکھا ہے جس میں ان سمیت فورم کے پاکستان چیپٹر کے عہدیداران کی کاوشوں کی تعریف کی ہے اور بتایا ہے کہ وہ بھی امریکہ سے بزنس مین، وکلاء، کمرشل ڈویلپرز، اکاؤنٹنگ فرمز اور سرمایہ کاروں کو کراچی لانے کے لیے کوشاں ہیں تاکہ باہمی مفاد کے منصوبوں اور سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔

نوید عیسیٰ نے اپنے پیغام میں کہا کہ ان کا مشن پاکستان امریکہ اور دنیا کے کسی بھی کونے میں تجارت، بزنس اور سماجی کاموں کے ذریعے عام پاکستانی کی زندگی کو بہتر بنانا ہے۔ اجلاس میں فورم کے پاکستان چیپٹر اور کمیٹی کے سیکریٹری سید ناصر وجاہت نے بتایا کہ 31۔ اکتوبر کو فیڈریشن ہاؤس میں منعقد ہونے والا ایونٹ دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی کو مشترکہ منصوبوں کو آگے بڑھانے میں بہت مدد فراہم کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ایف پی سی سی آئی کی پی آر کمیٹی کی جانب سے نومبر کے پہلے ہفتے میں پبلک ریلیشنز کے عالمی دن کو بھی بھرپور طریقے سے منایا جائے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں