ایازمیمن موتی والا نے کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کرنے کامطالبہ کردیا

بدھ 22 مئی 2024 18:26

ایازمیمن موتی والا نے کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کرنے کامطالبہ کردیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2024ء) آل کراچی تاجر الائنس ایسوسی ایشن کے چیئرمین ایاز میمن موتی والا نے کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کرنے کامطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کے الیکٹرک نے کراچی کے شہریوں کی زندگی اجیرن بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، پورے شہر میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ روزکا معمو ل بن چکی ہے ، محکمہ موسمیات کی جانب سے ہیٹ اسٹروکے خدشے کے باوجود مختلف علاقوں میں بارہ سے چودہ گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ، ایک جانب گرمی سے شہری بلبلا رہے ہیں تو دوسری جانب کے الیکٹرک لوڈشیڈنگ کرکہ مشکلات کو مزید بڑھا رہا ہے، ان خیالات کا اظہارانہوںنے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا، ایازمیمن موتی والا نے کہاکہ شہرقائد فراہمی و نکاسی آب، گیس اور بجلی کے حوالے سے مظاہروں اور ہنگاموں والا شہربن چکاہے عوام کو بجلی کے بھاری بلوں سے نجات دلانے والا کوئی نہیں ہے، ایازمیمن کی رہائش گاہ پرشکایات کے ڈھیر لگ گئے حکومت جب تک کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کرکے متعدد کمپنیوں کو بجلی بنانے اور ترسیل کے لائسنس جاری نہیں کرتی تب تک پاکستان کو 75 فیصد ریونیو دینے والے شہر کراچی کی عوام ایسی ہی بلبلاتی رہے گی سخت گرمی میں بھی کے الیکٹرک کی طویل لوڈ شیڈنگ،اوور بلنگ اور جعلی ایڈجسٹمنٹ کے نام پر شہریوں سے لوٹ مار کے خلاف ہم خاموش نہیں رہ سکتے ، سال رواں میں بھی تین سال پرانی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں عوام سے فی یونٹ لوٹ مار کی جارہی ہے جبکہ بجلی چوری، کنڈا کنکشن اور مختلف بہانے بناکر عوام کو لمبے لمبے جرمانے لگائے جارہے ہیں اور اگر کوئی شریف شہری شکایت لیکر دفتر جاتا ہے تو اس کی کوئی شنوائی نہیں ہوتی بلکہ کے الیکٹرک کا عملہ سائل کو ڈرانے لگتاہے کہ آپ کو ہر حال میں پیسے اداکرنے ہوں گے ورنہ آپ کا بجلی کا میٹر کاٹ دیا جائیگا اور آپ کی بجلی کی سپلائی منقطع کر دی جائیگی، انہوں نے کہا کہ تین کروڑ سے زائد آبادی کے شہر میں صرف ایک بجلی کی سپلائی کا ادارہ ہے جبکہ ہونا تویہ چاہیے تھاکہ اتنے بڑے شہر میں کم سے کم چاریا پانچ کمپنیوں کو بجلی سپلائی کا لائسنس دیا جاتا اور صارفین کی مرضی ہوتی وہ جس بھی چاہے کمپنی سے بجلی کا کنکشن لیتے ، انہو ں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کے الیکٹرک کی جانب سے شہرقائد کی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف ایکشن لے اور کے الیکٹرک کو ہنگامی بنیادوں پراپنی تحویل میں لے اور عوام کو مختلف بہانوں سے لوٹنے والوں کا کڑا احتساب کرے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں