احمد پور شرقیہ سانحہ صرف حادثہ نہیں ،پاکستان کے ناعاقبت اندیش حکمرانوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے، رابطہ کمیٹی (پاکستان )

ملک بھر کے عوام کو سہولتیں میسر نہیں ہیں ، حکمراں یا تو اپنے مفادات کا تحفظ کرلیں یا عوام اور ان کے گھروں اور ان کی حالت زار کو دیکھ لیں

اتوار 25 جون 2017 20:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2017ء) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کی رابطہ کمیٹی نے بہاولپور کے علاقے احمد پور شرقیہ میں آئل ٹینکر الٹ جانے کے خوفناک حادثہ میں 130سے زائدنوجوانوں ،بزرگوں، خواتین او ربچوں کی ہلاکت اور سینکڑوں افراد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیاہے ۔ایک بیان میں رابطہ کمیٹی (پاکستان ) نے کہاکہ احمد پور شرقیہ میں آئل ٹینکر الٹنے اور اس میں متعدد افراد کا ہلاک اور زخمی ہوجانا صرف ایک حادثہ نہیں بلکہ یہ پاکستان کے ناعاقبت اندیش حکمرانوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے ۔

رابطہ کمیٹی (پاکستان ) نے کہاکہ آئل ٹینکر الٹنے کے بعد لوگوں کا آئل جمع کرنا اور اس اس کی لپیٹ میں آکر جھلس کر جاں بحق اور زخمی ہونا حکومت کی ناکامی اور غربت کا منہ بولتا ثبوت ہے ، ملک بھر کے عوام کو سہولتیں مسیر نہیں ہیں ، حکمراں یا تو اپنے محلات کو دیکھ لیں اور اپنے مفادات کا تحفظ کرلیں یا عوام اور ان کے گھروں اور ان کی حالت زار کو دیکھ لیں ۔

(جاری ہے)

رابطہ کمیٹی (پاکستان ) نے کہاکہ پوری دنیا میں حکمرانوں اور عوام کے معیار زندگی میں اتنا فرق نہیں جتنا پاکستان میں ہے اور آئل ٹینکر الٹنے اور اس کے بعد جھلس کر لوگوں کی ہلاکت اور زخمی ہوجانا اس بات کا واضح ثبوت ہے اگر یہ بات غلط ہوتی تو آئل ٹینکر کے ہولناک حادثہ میں حکمران صرف عوام ہی نہیں بلکہ مراعات یافتہ اور حکمراں طبقہ کا بھی شامل ہوتا ۔

رابطہ کمیٹی (پاکستان ) نے مزید کہاکہ کوئٹہ ،پاراچنار اور کراچی میں دہشت گردی کے واقعات کے بعد اب آئل ٹینکر کے خوفناک حادثہ میں سینکڑوں افراد کے جاں بحق اور زخمی ہونے پر عید الفطر سادگی سے منائی جائے اور ہلاک شدگان اور زخمیوں کے اہل خانہ اور لواحقین سے دلی یکجہتی کااظہار کیاجائے ۔ رابطہ کمیٹی (پاکستان ) نے آئل ٹینکر الٹنے کے ہولناک حادثہ میں جھلس کر جاں بحق ہونے والے افراد کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطاکرے۔

رابطہ کمیٹی نے حادثہ میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد و مکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔ رابطہ کمیٹی (پاکستان ) نے وزیراعظم نواز شریف ، آرمی چیف جنرل جاوید قمرباجوہ اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ آئل ٹینکر حادثہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے تمام لواحقین کو معقول معاوضہ کی ادائیگی فی الفور کی جائے اور زخمیوںمکمل علاج سرکاری خرچ پر یقینی بنایاجائے ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں