میڈیا نے چیئرمین تحریک انصاف کی دو تقریبات کا بائیکاٹ کردیا

پیر 23 اکتوبر 2017 20:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین چیئرمین عمران خان کی دو تقریبات کا میڈیا نے بائیکاٹ کردیا۔ عمران خان کے پی ٹی یونین کے رہنمائوں سے ملاقات کے لئے کے پی ٹی ہیڈ آفس ٹاور پہنچے تو پی ٹی آئی کارکنان نے نجی چینل کے کیمرامین سے بدتمیزی کی۔ دھکے دئیے اور اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

کارکنان نے کیمرا مین فیضان علی کی شرٹ پھاڑ دی جس پر صحافیوں نے پی ٹی آئی رہنماوں سے مطالبہ کیا کہ کیمرا مین کو تشدد کا نشانہ بنانے والے کارکنان کے خلاف کارروائی کی جائے، جس پر رہنمائوں نے ٹال مٹول سے کام لیا۔

صورتحال پر صحافیوں نے تقریب کا بائیکاٹ کرکے نعرے بازی کی۔ بعدازاں پی ٹی آئی سربراہ عمران خان آرٹس کونسل پہنچے جہاں انہیں تقریب سے خطاب کرنا تھا تاہم میڈیا نمائندوں نے اس تقریب کا بھی بائیکاٹ کردیا اور مطالبہ کیا کہ متاثرہ کیمرامین سے معذرت کی جائے۔ تاہم پی ٹی آئی سربراہ عمران خان صحافیوں سے معذرت کرنے نہیں آئے جس پر پی ٹی آئی کی آرٹس کونسل کی تقریب کی بھی کوریج نہیں کی گئی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں