ایم ڈی واٹر بورڈ کا سیوریج لائنوں اور مین ہولوں میں سماج دشمن عناصر کی جانب سے بوریاں، پتھر، اینٹے پھنسانے کے واقعات کا سختی سے نوٹس

اتوار 10 دسمبر 2017 20:10

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2017ء) واٹربورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر سید ہاشم رضا زیدی نے شہر کے مختلف علاقوں کی مین سیوریج لائنوں اور مین ہولوں میں سما ج دشمن و شر پسند عناصر کی جانب سے پتھر ،مٹی تعمیراتی ملبے اینٹوں اور دیگر بھاری اشیاء سے بھری بوریاں پھنسانے کے واقعات کا سخت نوٹس لیا ہے ، واٹربورڈ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ مین سیوریج لائنوں کی نگرانی کیلئے منتخب نمائندو ں اور متعلقہ اداروں سے رابطہ کرکے ان کی حفاظت و نگرانی کا نظام وضع کریں ، ان کارروائیوں سے شہر میں نکاسی آب کے مسائل پیدا ہورہے ہیں ،مین سیوریج لائنیں بوریاں ٹھونسے جانے کے باعث پریشر برداشت نہیں کرپا رہی ہیں اور آئے دن شہر کے مختلف علاقوں میں سیوریج لائنیں دھنسنے کے واقعات ہورہے ہیں ،شہری پریشان اور واٹربورڈ مالی نقصان کا شکار ہورہاہے ، یہ ہدایات انہوں نے اتوار کو گلستان جوہر کے بلاک 15 میں دھنسنے والی 18انچ قطر کی سیوریج لائن سے اینٹیں اور پتھروں سے بھری بوریاں برآمد ہونے کے واقعہ کے بعد ایک فوری مراسلہ میں دیں ،واضح رہے کہ دو دن قبل گلستان جوہر میں واقع ایف بی آر کی عمارت کے قریب18 انچ قطر کی پائپ لائن دھنس گئی تھی جس کی تبدیلی کا کام سپرنٹنڈنگ انجینئر گلشن اقبال و گلستان جوہر امداد مگسی ،اسسٹنٹ ایگزیکٹیوانجینئر سہیل عصری کی زیر نگرانی رات دن بغیر کسی وقفہ کے جاری ہے،اتوار کو علی الصبح اس لائن او ر اس سے متصل مین ہولوں میں شرپسند عناصر کی جانب سے پھنسائی جانیوالی پتھروں او ر تعمیراتی ملبہ سے بھری کئی بوریاں اور متعددپکی اینٹیں برآمد ہوئیں ،اس مجرمانہ اقدام کا مقصد واٹربورڈ کے نکاسی آب کے نظام کو مفلوج کرکے شہریوں کو پریشان کرنا تھا ،اس سبب ایف بی آر کی عمارت کے ریکارڈ روم سمیت قریبی علاقوں کے گھروں میں سیوریج کا پانی داخل ہوگیا تھا جبکہ پانی کی پریشر برداشت نہ کرتے ہوئے لائن پھٹ کر زمین میں دھنس گئی تھی ، اطلاع ملنے پر واٹربورڈ حکام نے لائن کی تبدیل کا کام شروع کردیا، لائن کو پہنچنے والے نقصان کے باعث واٹربورڈ کو کئی سو فٹ پائپ بچھانا پڑا ہے اس سے قبل بھی ایم اے جناح روڈ ، برنس روڈ ، ناظم آباد ،گلشن اقبال،بولٹن مارکیٹ ، سمیت شہر کے مختلف علاقوں کی سیوریج لائنوں اور مین ہولوں میں سماج دشمن عناصر کی جانب سے بوریا ں ایٹیں اور دیگر سامان پھنسائے جانے کے واقعات ہوتے رہے ہیں،اس مجرمانہ کارروائی کی وجہ سے شہر کے مختلف علاقوں میں سیوریج اورفلو کے مسائل پیدا ہوتے ہیں اور ان کے تدارک کیلئے واٹربورڈ کے عملے کو سخت محنت کرنا پڑتی ہے جبکہ ادارے کو شدید مالی نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے،دریں اثناء ایم ڈی واٹربورڈ نے ایک فوری مراسلہ کے ذریعے واٹربورڈ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ شہر کے مختلف علاقوں کی مین سیوریج لائنوں اور مین ہولوں میں سما ج دشمن و شر پسند عناصر کی جانب سے پتھر ،مٹی تعمیراتی ملبے اینٹوں اور دیگر بھاری اشیاء سے بھری بوریاں پھنسانے کے واقعات کے تدارک کیلئے مین سیوریج لائنوں کی نگرانی کریں اس سلسلے میں منتخب نمائندو ں اور متعلقہ اداروں سے رابطہ کرکے ان کی حفاظت و نگرانی کا نظام وضع کیا جائے ،انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ اگر وہ کسی علاقہ میں اس قسم کی کارروائی ہوتا دیکھیں تو اس کی اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن یا واٹربورڈ کے ایمرجنسی سینٹر کو فون نمبر 021-99245138 پر مطلع کریں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں