گورنرسندھ عمران اسماعیل کا یوم عاشور کے موقع پر پیغام

جمعرات 20 ستمبر 2018 20:30

گورنرسندھ عمران اسماعیل کا یوم عاشور کے موقع پر پیغام
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2018ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ محرم الحرام ایک عہد ساز تاریخ کی سنہری روایات اور عملی مظاہرہ کا یادگار ترین مہینہ ہے، اس ماہ امام عالی مقام حضرت امام حسین ؓ نے عاشور کے روز اپنے جانثار ساتھیوں کے ہمراہ باطل کے خلاف اسلام کو زندہ کیا۔ جمعرات کو جاری کردہ یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ خانوادہ رسولﷺ نے اسلام کی سربلندی، حق و صداقت کی ایک عظیم مثال قائم کی، امام حسین ؓ خوف خدا ، فیاضی و سخاوت ، زہد و تقویٰ ، شجاعت و بہادری اور علم پروری جیسے اوصاف کے حامل تھے۔

انہوں نے کہا کہ امام حسین ؓ نے شہادت کا راستہ اختیار کیا اور اسلام کی راہ میں شہید ہو کر ایثار و قربانی ، شجاعت و شہادت کی ایک نئی داستان رقم کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین ؓ کی قربانی نے اسلامی تاریخ میں اسلام کی سربلندی اور اعلیٰ ترین مقاصد کے حصول کے لئے جان کی بازی لگادینے کی وہ سنت قائم کی جو تاریخ کے ہر دور میں صراط مستقیم پر چلنے والے قافلوں کے لئے ایک روشن مثال ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ امام عالی مقام حضرت امام حسینؓ کی قربانی ہمیں ان کے متعین کردہ رہنما اصولوں پر عمل پیرا ہوکر اپنی جان کی بازی لگادینے کا درس دیتی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں