گورنر سندھ نے ہیوی بائیک چلا کر سی ویو سے ریلی کا افتتاح کیا

اتوار 13 اکتوبر 2019 20:40

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2019ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ہیوی بائیک چلا کر سی ویو سے ریلی کا افتتاح کیا۔ ریلی رائڈ فار کاز پاکستان کے زیر اہتمام چھاتی کے کینسر کے بارے میں آگاہی کے لئے منعقد کی گئی۔ ریلی سی ویو سے شروع ہوکر شوکت خانم اسپتال ڈی ایچ اے فیز 7 پر اختتام پزیر ہوئی۔ ریلی میں 250 سے زائد مختلف اقسام کی ہیوی بیکرز نے شرکت کی۔

شوکت خانم اسپتال کی ڈاکٹر سدرہ زہرہ نے چھاتی کے کینسر کے بچائو اور علاج کے بارے میں شرکاء کو آگاہی فراہم کی۔ ہیوی بائیکرز نے 25 لاکھ روپے بطور عطیہ دیا جبکہ انفرادی طور پر بھی عوام کی بڑی تعداد نے اس کارخیر میں حصہ ڈالا۔ اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ کراچی میں شوکت خانم اسپتال کی تعمیر سے سندھ کی عوام کو علاج کی بہترین سہولیات میسر آئیں گی، چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی انتہائی ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب تک کینسر کی آگاہی نہیں ہوگی اس کا علاج ممکن نہیں ہوسکے گا، چھاتی کے کینسر کی اگر ابتدائی مراحل میں تشخیص ہوجائے تو علاج میں آسانی ہوتی ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ شوکت خانم اسپتال سے 80فیصد مریضوں کو بلامعاوضہ علاج کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، پورے ملک کے مقابلے میں کراچی سے سب سے زیادہ عطیہ شوکت خانم کو دیا جاتا ہے، عوام کا بھرپور اعتماد شوکت خانم اسپتال کی انتظامیہ پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لیے کراچی کو سیف سٹی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، کچرہ یا صفائی مہم جو کوئی بھی شروع کرے گا حکومت بھرپور ساتھ دے گی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ مئیر کراچی کی ذمہ داری شہر کی صفائی اورکچرا اٹھانا ہے، میئر کو اس کے اختیارات دیئے جائیں، متحدہ ہماری اتحادی ہے اور رہے گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں