مالی خسارے کی وجہ سے پی آئی اے ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی کا فیصلہ

کورونا اور لاک ڈاون کے باعث ہوابازی کی صنعت بری طرح متاثر ہے، مالی خسارے پر قابو پانے کے لیے تنخواہوں میں کٹوتی کا فیصلہ کیا گیا ہے، ترجمان پی آئی اے

Khurram Aniq خُرم انیق جمعرات 4 جون 2020 10:29

مالی خسارے کی وجہ سے پی آئی اے ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی کا فیصلہ
کراچی (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-04جون2020ء) مالی خسارے کی وجہ سے پی آئی اے ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے تاجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ کورونا اور لاک ڈاون کے باعث ہوابازی کی صنعت بری طرح متاثر ہے، مالی خسارے پر قابو پانے کے لیے تنخواہوں میں کٹوتی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا ہے کہ ملازمین کی تنخواہوں میں 10 سے 25 فیصد کٹوتی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ترجمان نے اس کی وجہ بتائی ہے کہ موجودہ صورتحال میں فضائی آپریشن صرف 10 سے 20 فیصد رہ گیا ہے جس کی وجہ سے قومی ایئرلائن کو شدید مالی قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، اس لئے مالی قلت سے بچنے کے لئے ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ترجمان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جو ملازمین ایک لاکھ سے زیادہ تنخواہ لیتے ہیں، ان کی تنخواہ میں 10 فیصد کٹوتی کی جائے گی جبکہ 2 لاکھ سے زیادہ تنخواہ لینے والے افراد کی تنخواہ میں 20 فیصد کٹوتی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ تین لاکھ سے زائد تنخواہ لینے والے پی آئی اے ملازمین کی 25 فیصد کٹوتی کی گئی ہے جبکہ گروپ ایک تا 4 کے ملازمین کی ماہانہ تنخواہوں میں کسی قسم کی کٹوتی نہیں کی گئی۔ خیال رہے کہ اس وقت کورونا وائرس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے جس کے بعد ہر گزرتے دن کے ساتھ اس کی تباہی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ کورونا کی وجہ سے دنیا بھر میں سفری پابندی لگا دی گئی تھی جس کے مدنظر دنیا بھر کی ایئرلائنز مالی بحران کا شکار ہو گئی ہیں۔ پاکستان کی قومی ایئرلائن پی آئی اے بھی اسی مالی بحران کا شکار ہو گئی ہے جس کے نتائج اب اس کے ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی کی صورت میں سامنے آ رہے ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں