کراچی، کرائے کے قاتل سرگرم، پچاس ہزار روپے میں دکان دار قتل

ہفتہ 4 جولائی 2020 23:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2020ء) شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹائون کٹی پہاڑی کے قریب دکان دار کو کرائے کے قاتلوں سے قتل کرائے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹائون میں واقع کٹی پہاڑی کے قریب 8 جون کو صابر نامی دکان دار کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا جس کی پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا۔

پولیس حکام کے مطابق دکان دارکوکرائے کے قاتلوں سے قتل کرانے کا انکشاف اس وقت سامنے آیا جب تفتیش کے دوران ملزمان نے خود اس بات کا اعتراف کیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق رنچھوڑلائن اوراورنگی ٹائون میں چھاپہ مار کے قتل میں ملوث3 ملزمان ابرار، سجاد اور شمس الدین کو گرفتار کیا گیا جنہوں نے پچاس ہزار روپے کے عوض دکان دار کو قتل کرنے کا اعتراف کیا۔

پولیس کے مطابق ملزم شمس الدین کی دکان دار کے ساتھ ذاتی دشمنی تھی، جس پر اس نے قاتلوں سے رابطہ کر کے انہیں صابر کی سپاری دی اور کارروائی سے قبل ایڈوانس رقم بھی دی۔ملزمان نے 8 جون کو کٹی پہاڑی کے قریب فائرنگ کر کے صابر کو قتل کیا اور واقعے کو ڈکیتی کا رنگ دینے کی کوشش کی۔ پولیس نے تینوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کردیاہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں