پی آئی اے کا جشن آزادی کے موقع پر کرایوں میں رعایت کا اعلان

جمعہ 7 اگست 2020 01:05

کراچی۔6 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2020ء) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی ای) نے اپنے مسافروں کے لیے ملک کے 73 ویں جشن آزادی کے موقع پر کرایوں میں رعایت کا اعلان کیا ہے ۔ جمعرات کو ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ 73 ویں یوم آزادی پر اسلام آباد، کراچی اور لاہور کے درمیان چلنے والی پروازوں کے کرایوں میں 14فیصد رعایت ہو گی ،اس یاد گار پر ہر مسافر کو غیر معمولی طور پر73 کلوگرام مفت سامان ساتھ لے جانے کی بھی پیش کش بھی کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

پی آئی اے کی جانب سے یوم آزادی پر یہ ایک انوکھی پیشکش ہے ،یہ سکیم 07 اگست سے 14 اگست تک لاگو رہے گی۔ اس کے ساتھ ہی پی آئی اے نے یوم آزادی کے موقع پر قوم کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے کے لئے ملتان، سکھر اور گوادر سے اپنی پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا بھی اعلان کیا ہے،13 اگست سے ان شہروں کو ملک کے دیگر مقامات سے منسلک کر دیا جائے گا۔ جشن آزادی پیکج کا مقصد اس تاریخی دن پرلوگوں میں خوشیاں بانٹنا ہے ۔ اس عظیم دن پی آئی اے قوم سے عہد کرنا چاہتی ہے کہ ہر مشکل میں ہم اپنی قوم کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں