ڈاکٹر مرتضیٰ مغل ایف پی سی سی آئی کی کمیٹی سے مستعفی ہو گئے

میاں زاہد حسین جیسے لیڈرکی غیر موجودگی میں کام نہیں کر سکتا،ڈاکٹرمرتضی مغل

اتوار 25 اکتوبر 2020 18:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2020ء) ایف پی سی سی آئی مرکزی قائمہ کمیٹی برائے انشورنس کے کنوینر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔یہ استعفیٰ گزشتہ روز مستعفی ہونے والے بزنس مین پینل کے اہم رہنمائوں سے یکجہتی کے اظہار کے طور پر دیا گیا ہے۔ واضع رہے کہ گزشتہ روز بزنس مین پینل کے سینئیر وائس چئیرمین میاں زاہدحسین، وائس چئیرمین ثاقب فیاض مگوں، مرکزی رہنما علائوالدین مری اور سیکرٹری جنرل احمد جواد نے گروپ چئیرمین کے پالیسیوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے استعفیٰ دے دیا تھا جسکے بعد بزنس مین پینل پنجاب کے سینئیر وائس چئیرمین چوہدری محمد حسین زاہد سمیت درجنوں دیگر عہدیداروں نے بھی اس گروپ کو خیر باد کہہ دیا جبکہ ملک بھر کے چیمبروں اور تجارتی تنظیموں کے عہدیداروں نے بھی اپنی لاتعلقی کا اظہارکرنا شروع کر دیا جس سے بزنس مین پینل میں ایک بحران نے جنم لے لیا ہے جس نے اسکے مستقبل اور آمدہ الیکشن میں اسکی پوزیشن کے بارے میں سوالات کھڑے کر دئیے ہیں جبکہ چوہدری محمد حسین زاہد کے استعفے سے پنجاب میں بزنس مین پینل کی جڑیں حل گئی ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے اپنے استعفے کی وجوہات کے بارے میں کہا کہ وہ کاروباری برادری کے لئے میاں زاہد حسین کی خدمات کے دل سے قائل ہیں اور وہ انکی بغیر ایف پی سی سی آئی میں کام کرنے کے بجائے اپنا راستہ جدا کرنے کو ترجیح دینگے۔انھوں نے کہا کہ میاں زاہد حیسے شریف النفس ہمدرد اور سب سے کام آنے والے شخص کو کھو کر بزنس مین پینل نے اپنے پیر پر خود کلہاڑی ماری ہے جس کا احساس انھیں دو ماہ بعد الیکشن میں ہو جائے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں