کورونا ویکسین کی فروخت ; ملزمان کے انکشافات نے متعلقہ حکام کی دوڑیں لگوا دیں

ویکسین کی فروخت میں ڈی ایچ او ایسٹ صمد اور این جی او کا عہدیدار امان اللہ ملوث ہیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 29 جولائی 2021 14:06

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جولائی 2021ء) : کورونا ویکسین فروخت کرنے میں سرکاری افسران کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کورونا ویکسین کو پیسوں کے عوض فروخت کرنے میں محکمہ صحت کے افسران اور فلاحی ادارے کے عہدیدار ہی مرکزی کردار نکلے جس کے بعد پولیس نے افسران کی گرفتاری کے لیے اجازت طلب کر لی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق محکمہ صحت کے عملے کی جانب سے کورونا ویکسین کی فروخت کے معاملے میں ملوث ملزمان نے مزید انکشافات کیے، ملزمان کے انکشافات نے متعلقہ حکام کی دوڑیں لگ گئی۔

ملزمان نے ملوث سرکاری افسران سے متعلق بتایا کہ ڈی ایچ او ایسٹ صمد اور این جی او کا عہدیدار امان اللہ ملوث ہیں، پولیس نے محکمہ صحت کے افسران کی گرفتاری کے لیے اجازت طلب کرلی۔

(جاری ہے)

ملزم نے بتایا کہ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے افسر صمد سمیت دیگر نے ویکسین فروخت کرنے کا کہا ، سلطان مدد ہیلتھ کیئر سروس کے امان سے مل کر فائزرکی فروخت کا منصوبہ بنایا اور ہم نے گھر گھر جا کر فائزر ویکسین لگانا شروع کی۔

ملزمان کا کہنا تھا کہ ویکسین لگانے والوں کی انٹری بیرون ملک جانے والے افراد میں کر دیتے تھے اور ویکسین فروخت کرنے کے بعد پیسے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے افسران کو دیتے تھے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ گرفتار ملزم ذیشان ڈی ایچ او ہیلتھ آفس میں کنٹریکٹ پر میل نرس اپائنٹ ہوا، جس کے بعد سائنو فام سائنو ویک اور فائزر ویکسین ساڑھے 7 سے 15 ہزار میں فروخت کی۔

یاد رہے کہ کراچی میں پریڈی پولیس نے اسٹنگ آپریشن کے دوران گھروں پر جا کر بھاری رقوم کے عوض غیر قانونی طور پر کورونا ویکسین لگانے والے دو افراد کو گرفتار کیا تھا، ملزمان نے انکشاف کیا تھا کہ انہیں یہ ویکسین سرکاری اہلکار فراہم کرتے تھے۔ کراچی ساؤتھ زون پولیس نے کارروائی کے دوران گرفتار کیے گئے ملزمان کے حوالے سے بتایا کہ ملزمان گھر گھر جاکر کورونا ویکسین لگاتے تھے، پولیس کے مطابق ملزمان میں ہیلتھ سروسز فراہم کرنے والی کمپنی کا ڈائریکٹر اور ملازم شامل ہیں۔

ملزمان ویکسین کے 15 ہزار روپے فی ڈوز چارج کرتے تھے۔ پولیس کے مطابق ملزمان سائنو فام ویکسین کے 7660، اور کینسائنو ویکسین کے 4500 روپے فی ڈوز وصول کرتے تھے۔ ملزمان محکمہ صحت کے افسران سے رابطے تھے، ملزمان نے 60 سے زائد افراد کو ویکسین لگانے کا اعتراف کیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں