کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تعیناتی کا فیصلہ

وفاق کی طرف سے سندھ حکومت کووینٹی لیٹرزاور آکسیجن بیڈز کی فراہمی کا عمل بھی جاری ہے۔ این سی او سی

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 30 جولائی 2021 12:06

کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تعیناتی کا فیصلہ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 جولائی2021ء) عالمی وباء کورونا وائرس میں شدت کے باعث صوبہ سندھ میں ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تعیناتی کا فیصلہ کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس ہوا ، جس میں پاکستان کے سب سے بڑے شہر اور معاشی حب کراچی میں کورونا وباء کے پھیلاؤ کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لئے سندھ حکومت کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔

این سی او سی کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ وفاق سندھ حکومت کی انتہائی نگہداشت کی صلاحیت بڑھانے کے لئے مدد کررہا ہے ، جس کے لیے سندھ حکومت کووینٹی لیٹرزاور آکسیجن بیڈز کی فراہمی کا عمل جاری ہے ، اسی تناظر اب کورونا سے بچاؤ کے ایس او پیز پر عملدرآمد کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تعیناتی کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ صوبہ سندھ میں کورونا وبا کی یومیہ اموات میں اضافے کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ، ملک کے دوسرے بڑے صوبے سندھ میں کورونا وبا کا پھیلاو انتہائی خطرناک شکل اختیار کر گیا ، گذشتہ روز صوبے میں رواں سال کے دوران سب سے زیادہ یومیہ اموات رپورٹ ہوئیں ہیں ، جمعرات کے روز صوبے میں کل 44 افراد مہلک وبا کی وجہ سے جان کی بازی ہار گئے، کراچی میں کورونا کیسز کی شرح30 فیصد سے تجاوز کرگئی ہے، جمعے کو سندھ میں لاک ڈاوَن کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔

ذرائع صوبائی ٹاسک فورس کے مطابق کراچی میں کورونا کیسز کی شرح30 فیصد سے تجاوز کرگئی ہے، جس پر طبی ماہرین اور محکمہ صحت نے حکومت سندھ کو 15 دن کے لاک ڈاوَن کی سفارش کردی ہے، حکومت سندھ نے مکمل لاک ڈاوَن لگانے کیلئے این سی اوسی سے رابطہ کرلیا ہے ، جمعہ کو کورونا صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت وزیراعلیٰ سندھ کریں گے، اجلاس میں صوبے میں لاک ڈاوَن کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں