سپریم کورٹ، انسانی اعضا کی غیر قانونی پیوند کاری سے متعلق کیس کی سماعت،

منیر اے ملک کی عدم موجودگی کے باعث اگست کے دوسرے ہفتے تک ملتوی

اتوار 22 جولائی 2018 16:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2018ء) سپریم کورٹ نے انسانی اعضا کی غیر قانونی پیوند کاری سے متعلق کیس کی سماعت سینئر قانون دان منیر اے ملک کی عدم موجودگی کے باعث اگست کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کردی۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے ہم ڈاکٹر ادیب رضوی اور دیگر ممبر کمیٹی کی رپورٹ کو آرڈر کا حصہ بنانا چاہتے ہیں۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کے روبرو انسانی اعضا کی غیر قانونی پیوند کاری سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

عدالت میں ڈاکٹر ادیب رضوی اور دیگر پیش ہوئے۔ ڈاکٹر ادیب رضوی نے کہا کہ غیر قانونی پیوند کاری کی روک تھام سے متعلق قانونی ڈرافٹ تیار کر لیا۔ قانونی سفارشات بھی تیار کرلی گئی ہیں۔

کمیٹی نے قانونی سفارشات عدالت میں پیش کردیں۔ ڈاکٹر ادیب رضوی نے بتایا کہ منیر اے ملک مزید دلائل دینا چاہتے ہیں مگر وہ دستیاب نہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہم ڈاکٹر ادیب رضوی اور دیگر ممبر کمیٹی کی رپورٹ کو آرڈر کا حصہ بنانا چاہتے ہیں۔ آرڈر کے وقت منیر اے ملک کو عدالت میں پیش ہونا چاہیں۔ عدالت نے سماعت اگست کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کردی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں