بلدیہ ملیر کی بہتری اور تعمیروترقی ہمارا عزم ہے : جان محمد بلوچ

پیر 22 اکتوبر 2018 17:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2018ء) چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ ،وائس چیئرمین بلدیہ ملیر عبدالخالق مروت نے کہا ہے کہ خلدآبادکے رہائشیوں کو درپیش سب سے بڑا مسئلہ نکاسی آب کا ہے، سالہا سال قبل ڈالی جانے والی لائنیں بوسیدہ اور ناکارہ اور کئی مقامات پر کم قطر کی ہونے کی بناء پر اپنی افادیت کھو چکیں ہیں ،جگہ جگہ گڑروں کا گندہ پانی صحت و صفائی کے مسائل پیدا کرنے کے ساتھ ہی بلدیہ ملیر کے انفراسٹرکچر کی تباہی کا بھی بڑا سبب ہے خلدآبادکے رہائشیوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے نکاسی آب کے منصوبہ پر کام جاری ہے جسکی وجہ سے بہت بڑی آبادی کا نکاسی آب کا دیرینہ مسئلہ حل ہوجائے گا، پاکستان پیپلز پارٹی کا بنیادی منشور عوام کی خوشحالی ہے، سیاسی تفرقات سے بالا تر ہوکر عوام کی خدمت کر رہے ہیں،بلدیہ ملیر کی تعمیر و ترقی کے سفر میں مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندگان کو ساتھ لیکر چل رہے ہیں، ملیر کی بہتری اور تعمیروترقی ہمارا عزم ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں یوسی 06 کے علاقے بیچم ٹائون اور مرغی خانہ لائقہ آباد کی اندرونی گلیوں میںسیوریج لائن اور مین ہول کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ انجینئر نصراللہ میمن ،ڈائریکٹر انفارمیشن سلیم خان اور دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔ چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے سپرنٹنڈنٹ انجینئر کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سیوریج لائن منصوبے کے تعمیراتی کام میں کسی بھی قسم کی کوتائی برداشت نہیں کی جائے گی، بہترین کوالٹی کامیٹریل استعمال کیا جائے تاکہ عوام کو درپیش نکاسی آب کے مسئلے کو مستقل بنیادوں پر ختم کیا جاسکے،موقع پر موجود علاقائی خواتین نے چیئرمین بلدیہ ملیر سے علاقے کی گلیوں میںسی سی فلورنگ کا مطالبہ کیا چیئرمین بلدیہ ملیر نے علاقہ معززین کو یقین دلایا کہ سیوریج کامنصوبہ مکمل ہونے کے بعد گلیوں میں سی سی فلورنگ کا کام بھی شروع کردیا جائے گا جس پر علاقہ معززین نے علاقے کے دیرینہ مسئلے کے حل پر چیئرمین سے تشکر کا اظہار کیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں