کشمیر یوں کو حق خود ارادیت دلانے کیلئے ان کے ساتھ ہیں ،محمد ثروت اعجاز قادری

منگل 15 جنوری 2019 22:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2019ء) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ کشمیر یوں کو حق خود ارادیت دلانے کیلئے ان کے ساتھ ہیں ، قرآن پاک کا فیصلہ ہے ظلم جب حد سے بڑھتا ہے تو ختم ہوجاتا ہے اور ظلم مٹنے کیلئے ہے ،کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرنا اور ساتھ دینا دینی ،اخلاقی اور معاشرتی ٖفریضہ ہے ،کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف پاکستان سنی تحریک کے تحت آزاد ی کشمیر ٹرین مارچ نکالا جائیگا ،ٹرین مارچ کا آغاز لاہور سے ہوگا جو مختلف اسٹیشنوں سے ہوتا ہوا کراچی پہنچے گا کراچی کے عوام ٹرین مارچ کا شاندار استقبال کرینگے ،بھارت کو متنبہ کرتے ہیں کہ کشمیر کے نہتے مظلوم عوام کو نشانہ بنانا بند کردے ،ملک کے آئین وقانون نے ہاتھ باندھے ہوئے ہیں جس دن حکومت پاکستان نے جہاد کا اعلان کردیا بھارت ٹکڑے ٹکڑے ہوجائیگا ،اقوام متحدہ کالا چشمہ اتار کر کشمیریوں کے بہتے خون اور ظلم وبربریت کے خلاف بھارت پر اقتصادی پابندیا عائد کرئے ،کشمیرکے عوام انصاف اور حق خود ارادیت لینے کیلئے اقوام متحدہ کی طرف دیکھ رہے ہیں ،اقوام متحدہ اپنی ہی قرار دادوں پر عمل در آمد کراکر کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت دلائے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر مرکزی رابطہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اجلاس میں 20جنوری کو نشترپارک میں منعقد ہونیوالی جانثاران مصطفی کانفرنس کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا ،اور مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں،ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ اہلسنت کے اتحاد کیلئے کوشاں ہیں اور اہلسنت کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنا چاہتے ہیں ،انہوں کا کہنا تھا کہ کراچی سمیت پورے ملک سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ چاہتے ہیں اس کیلئے حکومت کی مثبت پالیسیوں کے ساتھ ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں